کسانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا ڈھونگ کررہی ہے حکومت: کانگریس
کانگریس بھارت بند کی حمایت کرے گی
نئی دہلی، 06 دسمبر (یواین آئی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ حکومت کسان تحریک کو ختم کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں ہے اور وہ کسانوں کے ساتھ بات چیت کا ڈھونگ کرکے ملک کے کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا ہے کہ ایک طرف حکومت تحریک چلارہے کسانوں کے ساتھ کئی دور کی بات چیت کررہی ہے اور دوسری طرف وزیراعظم نریندر مودی بات چیت شروع ہونے سے دو دن پہلے وارانسی میں اعلان کررہے ہیں کہ کسان جن قوانین کے خلاف تحریک چلارہے ہیں، انہیں واپس نہیں لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اس اعلان سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ حکومت کے کسانوں کے ساتھ بات چیت کے دروازے بند ہیں وہ انہیں صرف گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جب ان کے مطالبے پر غور ہی نہیں کرنا ہے توپھر بات چیت کا ڈھونگ کیوں کیا جارہا ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ کسانوں کے ساتھ حکومت جس طرح کا رویہ اختیار کررہی ہے اس سے واضح ہے کہ ان کے لئے دہلی کے سارے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کسان تحریک کے سلسلے میں پوری دنیا میں طرح طرح کی باتیں کی جارہی ہیں اور اس سے ملک کی شبیہ خراب ہورہی ہے ۔ اس لئے حکومت کو تصحیک کرانے کے بجائے کسانوں سے فوری طور سے بات چیت کرکے ان کی بات تسلیم کرنی چاہئے ۔ کانگریس نے کہا ہے کہ نئے زرعی قوانین کے خلاف 8 دسمبر کو کسان تنظیموں کی جانب سے بھارت بند کی پکار پرپارٹی اس کی حمایت کرے گی اور اس کے کارکنان اسے کامیاب بنانے کے لئے کام کریں گے ۔کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کسانوں کے بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کے کارکنان ملک بھر میں تحصیل کی سطح پر کام کرکے اس بند کو کامیاب بنانے کے لئے کسانوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والی کسی بھی انصافی کے خلاف سبھی ریاستوں کے ہیڈ کوارٹر، ضلع ہیڈ کوارٹر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر پر کسانوں کے ساتھ مظاہرہ کریں گے اور بھارت بند کو کامیاب بنانے کی پرزور کوشش کریں گے ۔
Comments are closed.