ملکی آئین کو اپنانے کی 71ویں سالگرہ پرجموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں تقریبات کا انعقاد / دلباغ سنگھ
ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک اور آئین کی حفاظت کیلئے سب کچھ نچھاور کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں
سرینگر/26نومبر: ملکی آئین کو اپنانے کی 71ویں سالگرہ پرجموں کشمیر کے مختلف علاقوںکے ساتھ ساتھ پولیس ہیڈ کواٹر جموں میںیوم آئین کو منانے کی نسبت سے ایک پُر وقار تقریب پولیس سر براہ دلباغ سنگھ کی قیادت میں منعقد کی گئی جس میں اے ڈی جی پی ہیڈ کوارٹرس شری عبدالغنی میر نے آئین ہند کا پری ایمبل پڑھ کر سنایا۔سی این آئی کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے ریاستی پولیس کے سر براہ دلباغ سنگھ نے آئین ہند کی خصوصیت پر روشنی ڈالتے ہو ئے کہا کہ کئی دہائیوں کی کشمکش اور لا تعداد قربانیوں کے بعد ہمارا ملک آزاد ہو ا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعدملک کے لیڈران نے کئی جمہوریتوںاور آئینوں کا جائزہ لے کر ہندوستان کا اپنا آئین وجود میںلایا اور آج ہی کے دن اس آئین کو اپنایا۔پولیس سر براہ نے تقریب میں مو جود افسران اور جوانوں کو اس دن کی خصوصیت اور آئین کی ضرورت کے متعلق جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ اسی قانون نے اداروں کے لئے بنیادی خاکہ فراہم کیا ہے اور ہمیں اسی پر عمل پیرا ہو نا چاہئے۔آئین کی تواریخی حیثیت کو اُجاگر کرتے ہو ئے پولیس سر براہ نے کہا کہ فورس کے ذمہ دار حصہّ ہو نے کے ناطے ہمارے کندھوں پر یہ اعلیٰ ذمہ داری ہے کہ ہم اس آئین کی حفاظت کریں۔پولیس سر براہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ آج ہم اسی لئے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے ملک اور آئین کی حفاظت کے لئے اپنا سب کچھ نچھاور کرنے کے لئے ہر دم اور ہر وقت تیار ہیں۔تقریب کے دوران اے ڈی جی پی ہیڈ کوارٹرس عبدالغنی میر نے پری ایمبل پڑھ کر سنایااور افسران اور جوانوں سے آئین کے تئیں بنیادی فرائض کا عہد لیا۔تقریب میں پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کے علاوہ اے ڈی جی پیز شری اے کے چو دھری، ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال،آئی جی پیز شری مکیش سنگھ، شری ایم کے سنہا،شری دانش رانا، شری غریب داس،شری الوک کمار کے علاوہ پی ایچ کیو میں تعئنات تمام اے آئی جیزو جموں میں تعئنات آرمڈ اور آئی آر پی بٹالینوں کے کمانڈنٹوں نے شر کت کی۔ ادھر جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی تقریبات کا انعقاد ہو ا جس دوران آئین ہند کا پری ایمبل پڑھ کر سنایا گیا ۔
Comments are closed.