عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی جانب سے ضلع ترقیاتی کونسل چنائو میں حصہ لینے سے بی جے پی نا خوش

امید واروں کو انتخابی مہم چلانے سے روک دیا جاتا ہے ، لیفٹنٹ گورنر او ر الیکشن کمشنر کے دعوئے بے بنیاد

بی جے پی کو دور رکھنا ضروری ،روشنی گھپلے میںملوث پائی گئی تو جیل جانے کیلئے تیار ہوں/ محبوبہ مفتی

سرینگر/25نومبر: عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی جانب سے ضلع ترقیاتی کونسل چنائو میں حصہ لینے سے بی جے پی نا خوش ہے جس کی بنا پر امید واروں کو انتخابی مہم چلانے سے روک دیا جاتا ہے کا الزام عائد کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ روشنی گھپلے میں ملوث پائی گئی تو جیل جانے کیلئے تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ امید واروں کو انتخابی مہم چلانے کی آزادی سے متعلق جموںکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور کے کے شرما کے بیان لوگوں کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل چنائو کی سرگرمیاں جہاں عروج پر ہے وہیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ اور پی اے جی ڈی کی نائب صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز جنوبی ضلع شوپیان کا دورہ کرکے وہاں امید واروں کی جانب سے انتخا بی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی جانب سے ڈی ڈی سی انتخابی میدان میں شمولیت کے فیصلے پر بی جے پی اپنے آپ کو ناخوش محسوس کررہی ہے اور اسی وجہ سے اتحاد کے امیدواروں کو انتخابی مہم میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔ زینہ پورہ شوپیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ زینہ پورہ پی اے جی ڈی امیدوار سے ملنے آئی تھیں جنھیں بدقسمتی سے اجازت نہیں تھی کہ وہ پچھلے 15 دن سے اپنے گھر سے باہر آئیں تاکہ وہ اپنی انتخابی مہم چلاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور الیکشن کمشنر کے کے شرما جھوٹے دعوے کر رہے ہیں کہ ہر امیدوار کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے۔ اسی وجہ سے ، آج ، میں خود زین پورہ اور شوپیان کے لوگوں کو یہ بتانے آیا ہوں کہ خدا کی خاطر صرف پی اے جی ڈی امیدواروں کو ہی ووٹ ڈالیں تاکہ بی جے پی کو دور رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا ،کہ وہ (بی جے پی) سیٹیں لینے کے لئے دستی بم اور بندوقیں استعمال کریں گی ، لیکن لوگوں کو اس بار بی جے پی کو شکست دینا چاہئے اور پی اے جی ڈی کے امیدواروں کی فتح کو یقینی بنانا چاہئے۔ روشنی گھوٹالے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پی ڈی پی صدر نے کہا کہ بی جے پی توجہ ہٹانے کے لئے چالیں استعمال کررہی ہے۔ ‘‘بعض اوقات اس میں فاروق عبد اللہ کو طلب کرنے کی کوشش بھی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں روشنی گھوٹالہ میں ملوث پایا جاتا تو ، میں جیل کا انتخاب کرنے والی پہلی شخص ہوں گی ۔

Comments are closed.