سیکورٹی کے نام پر اُمیدواروں کو نظربند رکھنا انتہائی تشویشناک؛ حالات اتنے ہی خراب اور انتظامیہ کے پاس وسائل نہیں تھے تو انتخابات کا انعقاد کیوں کیا گیا؟

ایس ایم سی کے ضمنی انتخابات کے بیچوں بیچ میئر کے انتخاب کس کی ایما پر کیا جارہا ہے؟ /نیشنل کانفرنس

سرینگر/23نومبر: نیشنل کانفرنس نے ڈی ڈی انتخابات میں سرکاری مشینری کے غلط استعمال اور پارٹی کے اُمیدواروں کو کسی بھی قسم کی انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے اقدامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح سے بھاجپا زمینی سطح پر بنا کسی بنیاد کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کررہی ہے اس سے محسوس یہ ہورہاہے کہ انتظامیہ کو اسی کام میں لگا دیا گیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماضی میں ایسا کبھی بھی دیکھنے کو نہیں ملا ہے کہ صرف کسی مخصوص جماعت یا نظریہ رکھنے والوں کو ہی سیکورٹی فراہم کی گئی ہو بلکہ انتخابات میں ہر ایک کو سیکورٹی فراہم کی جاتی تھی اور سیاسی لیڈران اور کارکنان آرام سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ پاتے تھے لیکن اس بار انتظامیہ نہ صرف اُمیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرنے سے اجتناب کررہی ہے بلکہ جو کوئی بھی کاغذات نامزدگی داخل کرتا ہے اُسے سیکورٹی کے نام پر کسی مخصوص جگہ پر قید کیا جاتا ہے۔ ترجمان نے سوال کیا کہ اگر حالات اتنے ہی خراب تھے اور حکومت اُمیدوروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھی تو ایسی صورتحال میں انتخابات کا انعقاد کیوں کیا گیا؟ ایسے انتخابات کا کیا مقصد جس میں ایک اُمیدوروں اپنے ووٹروں سے ووٹ مانگنے کی بھی پوزیشن میں نہ ہو؟این سی ترجمان نے کہا کہ بھاجپا لیڈران ڈی سی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے دعوے کررہی ہے جبکہ زمینی سطح پر اس جماعت کی یہاں کوئی بنیاد نہیں۔ کیا انتظامیہ غیر بھاجپا جماعتوں کے اُمیدوروں کو سیکورٹی کے نام پر قید و بند میں رکھ کر بھاجپا کیلئے راہ ہموار کرنے میں لگی ہوئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ سرکاری مشینری کے غلط استعمال کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ سرینگر میونسپل کونسل کی 4نشستوں پر ضمنی انتخابات 28نومبر کو ہونے طے ہیں اور ضابطہ اخلاق کی دھجیان اُڑا کر میئر کے انتخاب کی تاریخ 25نومبر رکھی گئی۔کیا میئر کے انتخاب میں 4نشستوں کے ووٹوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا؟ ضمنی انتخابات کے بیچوں بیچ میئر کے انتخابات کا اعلان کرنے کی کیا ضرورت آن پڑی انتظامیہ کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہئے۔ یہ سب کچھ کس کی ایما پر کیا جارہا ہے اور انتظامیہ بھاجپا کی لونڈی کا کردار کیوں نبھا رہی ہے؟این سی ترجمان نے کہا کہ انتظامیہ کو جنگی بنیادوں پر تمام اُمیدوروں کیلئے مساوی بنیادوں پر سیکورٹی فراہم کرنی چاہئے اور ہر کسی کو انتخابی سرگرمی کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ نہیں تو یہ انتخابات بے معنی ہوکر رہ جائیں گے۔

Comments are closed.