جموں کشمیر میں دفعہ 370کی واپس بحالی کا کوئی امکان نہیں ، لوگ خوشحال زندگی گزر بسر کرنے کے خواہاں / نقوی

خاندانی غرور اور پاندانی سرور چکنا چور ہوگیا ، کچھ لوگ ماحول بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں الگ کرنے کی ضرورت

سرینگر/23نومبر: جموں کشمیر میں دفعہ 370کی واپس بحالی کا کوئی امکان نہیں ہے کی بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو تخریبی عناصر کو الگ تھلگ کر کے ترقی کی راہ پر چل کر ایک خوشحال زندگی گزر بسر کرنی چاہیے۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ گزشتہ سال جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمہ کے بعد جموں کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو گیا ہے اور جموں و کشمیر ایک خوشحال ماحول میں آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہیں جو پھر سے تباہ کن ماحول پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ان کو الگ تھلگ کیا جانا چاہیے۔ لوگوں کو ترقی کی راہ پر چلتے ہوئے ایک خوشحال زندگی گزر بسر کرنی چاہیے’۔نقوی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مستقبل قریب میں ہمیں ترقی اور لوگوں کو با اختیار بنانے کے میدان میں انقلابی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔انہوں نے کہاکہ’دفعہ 370 کی وجہ سے یہاں ترقی اور لوگوں کو با اختیار بنانے سے متعلق اسکیمیں لاگو نہیں تھیں۔ اب وہ اسکیمیں لاگو ہو چکی ہیں۔ ان کا اثر بھی نظر آنے لگا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر میں ترقی اور لوگوں کو با اختیار بنانے کے میدان میں ہمیں بہت جلد انقلابی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ان کا اس پر مزید کہنا تھا: ‘بہت سے کارپوریٹ اور صنعتی گھرانوں نے مرکزی حکومت سے رجوع کر کے جموں و کشمیر میں اپنے یونٹ کھولنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس سے نہ صرف یہاں کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا بلکہ ترقی کی رفتار بھی تیزی پکڑے گی’۔نقوی نے کہا کہ ‘عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ’ نے اپنے آپ کو الگ تھلگ ہوتا دیکھ کر ہی انتخابی میدان میں کودنے کا فیصلہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا خاندانی غرور اور پاندانی سرور چکنا چور ہو چکا ہے۔ پہلے انہوں نے کہا کہ ہم تب ہی انتخابی عمل میں شرکت کریں گے جب دفعہ 370 واپس آئے گی۔ دفعہ 370 کو پارلیمنٹ نے ختم کیا ہے۔ اس کی واپسی ناممکن ہے۔ یہاں کے لوگ ترقی کے راستے پر چل پڑے ہیں۔ جب گپکار الائنس والوں کو پتہ چلا کہ ہم تو الگ تھلگ ہو رہے ہیں تو انہوں نے اپنا مشورہ بدل کر انتخابی میدان میں کودنے کا فیصلہ لیا’۔

Comments are closed.