کچھ دنوں کی خاموشی کے بعد ہندوپاک سرحدیں پھر گرم ، راجوری میں آر پار گولہ باری
شدید گولہ باری اور شلنگ کے نتیجے میں فوج کا حولدار ہلاک ، ایک اہلکار زخمی ، علاقے میں پھر چھایا خوف
سرینگر/21نومبر: ہند پاک کے مابین سرحدی کشیدگی میں اضافہ کے بیچ نوشہرہ راجوری میں حد متارکہ پر آرپارگولہ باری میں فوج کا ایک حولدار ہلاک ہوا ہے اس کے علاوہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے ۔ اس دوران دفاعی ترجمان نے فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کے روز پاکستانی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کی جس کا بھر پور جواب دیا گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ہندوستان پاکستانی کے مابین سرحدی کشیدگی برابر جاری ہے اور رواں ماہ اُس وقت اس میں اضافہ ہوا جب جموں کشمیر میں ہندوستان اور پاکستان کے مابین لگنے والی سرحدوں پر آر پار شدید گولہ باری ہوئی جس میںکم سے کم پانچ عام شہری اور پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ۔ اُس کے بعد قریب دو دن خاموشی رہنے کے بعد جمعرات کو پھر گولہ باری کازبردست تبادلہ ہوا جس میں ایک خاتون زخمی ہوئی تھی اور گزشتہ شب دونوںممالک کی افواج کے مابین ایک بار پھر گولہ باری کی تبادلہ ہوا جس میں بھارتی فوج کا ایک حولدار ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق ہفتہ شب پاکستانی فوج نے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر لام نامی سرحدی پٹی پر بھارتی فوج کی اگلی چوکیوںکو نشانہ بناکر شدید گولہ باری کی جبکہ پاکستانی فوج کی فائرنگ سے فوج کا ایک حولدار ہلاک ہوا جبکہ ایک سپاہی نائک زخمی ہوا جس کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیاجہاں اس کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی بلا اشتعال گولہ باری کا بھر پور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج نے پاکستانی فوجی پکٹوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہوں گے ۔یاد رہے کہ ہندوستان اور پاکستانی سرحدوں پر کشیدگی برابر جاری ہے اور رواں ماہ کی 13تاریخ کو جموں کشمیر کے مختلف سرحدی علاقوں میں ہندوپاک افواج کے مابین ہوئی گولہ باری میں کم سے کم 10افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں پانچ فوجی اور پانچ عام شہری شامل تھے جبکہ پچاس کے قریب رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ متعدد موشی بھی ہلاک ہوئے تھے اس کے علاوہ تیس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے ۔
Comments are closed.