سرحدوں پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوناک ، پاکستان اب مزید خاموش نہیں رہے گا/ قریشی

بھارت پاکستانی زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کوہوا دے رہا ہے جو نا قابل قبو ل

سرینگر 14 نومبر/سی این آئی// لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں شورش کوہوا دے رہا ہے۔انہوں نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان مزید خاموش نہیں رہے گا۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایل او سی پر گزشتہ روز بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے، بھارت کی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے لارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریہ ہونے کی دعویدار بھارت اب قابل مذمت حرکتیں کر رہا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہمارے پاس بھارتی جارحیت کے ناقابلِ تردید شواہد ہیں جو ڈوزیئر کی شکل میں قوم اور عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مزید خاموش نہیں رہے گا، نائن الیون کے بعد پاکستان نے فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر بھاری قیمت اٹھائی ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک کوسبوتاڑکرنا بھارت کا واضح منصوبہ ہے، مصدقہ اطلاعات ہیں کہ انہوں نے سی پیک کو نشانہ بنانے کے لیے اپنی انٹیلی جنس ایجنسی میں ایک سیل بنایا ہے جو وزیراعظم مودی کی براہ راست نگرانی میں کام کرتا ہے، اس سیل کا مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا اور تاخیر کا شکار ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان پاکستانی زیر انتظام کشمیراور گلگت بلتستان میں شورش کو ہوا دے رہا ہے۔

Comments are closed.