شوپیاں اور بڈگا م میں آگ کی ہولناک وارداتیں ؛ پانچ مکانات تباہ، لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان راکھ ۔ ایک شخص زخمی

سرینگر/13نومبر: وادی کے مختلف اضلاع میں جمعہ کے روز آگ کی الگ الگ وارداتوں میں کم سے کم 5رہائشی مکانات تباہ ہوگئے ہیں جن میں موجود لاکھوں روپے کا سازوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبداہ ہوا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ، معروف شیعہ عالم آغا عبدالحسین کا رہائشی مکان آگ کی ہولناک واردات میں تباہ ہوگیا جبکہ شیعہ عالم زخمی ہوا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے مین ٹاؤن میں جمعے کی علی الصبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں معروف شیعہ عالم آغا سید عبدالحسین کا رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگیا اور اس کے متصل ایک چنار کے درخت کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔جبکہ شیعہ عالم آغا عبدالحسین آگ کے نتیجے میں زخمی ہوا ہے ۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کی بنیادی وجہ الیکٹرک ہیٹر میں شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی گاڑیوں و نفری اور مقامی لوگوں نے بہت ہی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔دریں اثناء جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ٹرنز نامی گائوں میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں کم سے کم چار رہائشی مکانات خاکستر ہوئے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک آگ ایک مکان سے نمودار ہوئی جس نے فوری طور پر دیگر نزدیکی مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا نتجتا یکے بعد دیگر ے چار مکانات خاکستر ہوئے ہیں ۔ شوکت احمد ڈار، محمد اسماعیل ڈار، ولی محمد ڈار اور غلام محمد ڈار کے رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوچکے ۔ آگ کی واردات میں مکانات میں موجود تمام سازوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی بے حد کوشش کی گئی تاہم تب تک چاروں مکان راکھ ہوچکے تھے ۔ دریں اثناء پولیس نے دونوں معاملات میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔

Comments are closed.