ہند وپاک افواج کے مطابق پونچھ کے سرحدی سیکٹروں میں آگ و آہن کا کھیل جاری

دونوں جانب آتشی گولہ باری سے دونوں جانب سرحدی آبادی خوف و دہشت میں مبتلاء

سرینگر/11نومبر/سی این آئی// پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں میں ہندوپاک افواج کے مابین شدید گولہ باری اور سماعت شکن دھماکوں سے دونوں اطراف سرحدی آبادی خوف و دہشت میں مبتلاء ہوئی ہے ۔ جبکہ پاکستانی گولہ باری کے نتیجے میں کئی ڈھانچوںکو نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی ہے ۔ ادھر بھارتی دفاعی ترجمان نے پاکستان پر ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرحدی ضلع پونچھ کے مختلف سرحدی علاقوں میں بدھ کے روز ہندو پاک افواج کے مابین گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ۔ گزشتہ کئی دنوں سے پونچھ کے مختلف سرحدی پٹیوں پر ہندوستان اور پاکستانی فوج آگ و آہن کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پونچھ کے ، کیرنی، شاہ پورہ اور قصبہ سرحدی سیکٹروں پر بھارت اور پاکستانی افواج نے ایک دوسرے کی پکٹوں کو نشانہ بناتے ہوئے چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا ۔ اس دوران دفاعی ترجمان نے پاکستانی فوج پر ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاک فوج نے بدھ کے روز علی الصبح ہمارے فوجی چوکیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی بستی کو نشانہ بناکر مورٹار گولے داغے جس کا بھارتی فوج نے بھر پور جواب دیکر کئی پاکستانی فوج کی پکٹو ں کو تباہ کردیا ہے ۔ دفاعی ترجمان نے کہا کہ رواں ماہ اب تک پاکستانی فوج کی جانب سے 13مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو کرشنا گھاٹی سرحدی پٹی پر پاکستانی گولہ باری کے نتیجے ایک بھارتی فوجی اہلکا ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستانی افواج کے مابین آئے روز شدید گولہ باری کے واقعات انجام دئے جارہے ہیں جس میں آر پار جانی و مالی نقصان بھی ہورہا ہے تاہم دونوں جانب ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا جاتا ہے ۔

Comments are closed.