بھاجپا کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ، مل کر مقابلہ کرنا ہوگا ؛ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی مضبوطی سے بھاجپا بوکھلاہٹ کا شکار/ساگر
سرینگر/10نومبر: نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کا ایک غیر معمولی اجلاس آج پارٹی ہیڈکواٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہ جبکہ اس موقعے پر صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، شمالی زون صدر محمد اکبر لون(رُکن پارلیمان) ،وسطی زون صدر علی محمد ڈار اور جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری کے علاوہ ضلع صدور صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی امورات، پارٹی سرگرمیوں ، لوگو ں کے مسائل و مشکلات اور تینوں خطوں کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا گیا۔اجلاس میں جموں، کشمیر اور لداخ کی سیاسی جماعتوں کے مشترکہ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عہد کیا گیا۔سی این آئی کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی انفرادیت اور اجتماعیت کی بحالی کیلئے شروع کی گئی مشترکہ جدوجہد یہاں کے عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھاجپا کے مکروہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تاہم جموں وکشمیر کے تمام خطوں کے لوگوں نے مرکزکے فیصلوں کے تئیں اپنی ناراضگی اور ناپسندیگی کا برملا اظہار کیا ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ آج تاریخ میں بھاجپا کی گندی ، تقسیمی اور فریبی سیاست جموں ، کشمیر اور لداخ کے عوام میں عیاں ہوگئی ہے اور لوگ مرکزی حکوت کے یکطرفہ فیصلوں پر زبردست نالاں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کو کرگل، جموں، خطہ چناب و پیرپنچال میں زبردست تعاون حاصل ہوا ہے۔ عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی مضبوطی اور عوام کی طرف سے اس اتحاد کو مل رہے تعاون اور اشتراک سے بھاجپا بوکھلاہٹ کی شکار ہوگئی ہے۔علی محمد ساگر نے کہا کہ یہ اللہ کے فضل و کرم اور جموں ، کشمیر اور لداخ کے عوام کے تعاون اور اشتراک سے سیاسی جماعتوں کی یہ مشترکہ جدوجہد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی اور یہاں کے عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق پوری طرح بحال ہوجائیں گے۔ اجلاس میں صوبائی سکریٹری ایڈکیٹ شوکت احمد میر، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو، ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر، ضلع صدر شوپیان شوکت احمد گنائی، ضلع صدر بڈگام حاجی عبدالاحد ڈار، ضلع صدر کپوارہ قیصر جمشید لون، ضلع صدر بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز، ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار ، نائب صدر صوبہ سید توقیر احمد بھی موجود تھے۔
Comments are closed.