بہار انتخابات : سونیا گاندھی کا پیغام؛ بہار میں تبدیلی کے لئے عظیم اتحاد کی جیت ضروری

سرینگر /27اکتوبر / کے پی ایس : کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بہار اسمبلی انتخابات میں تبدیلی کو لازمی قرار دیتے ہوئے ریاست میں تبدیلی لانے کے لئے عوام سے عظیم اتحاد کو اقتدار سونپنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت عوام کو نوٹ بندی ،تالا بندی ،تجارت بندی، اقتصادی بندی ،کھیت کھلیان بندی، روٹی روزگار بندی کے سوا کچھ نہیں دے رہی ہے اس لئے اس الیکشن میں بہار میں تبدیلی ضروری ہوگئی ہے۔انہوں نے منگل کو بہار کے عوام کے نام جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ بہار حکومت اپنے مقصد سے بھٹک گئی ہے جس سے مزدور، کسان اور نوجوان مایوس ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ معیشت نازک ہونے کی وجہ سے ریاست کے دلت اور مہادلت بدحالی کی طرف گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہار کی اس بندی حکومت کے خلاف اگلی نسل اور اگلی فصل کیلئے،ایک نئے بہار کی تعمیر کے لئے،بہار کے عوام تیار ہیں۔ اب تبدیلی کی بیار ہے۔ کیونکہ تبدیلی جوش ہے ،توانائی ہے، نئی سوچ ہے اور طاقت ہے۔ اب نئی عبارت لکھنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں کے پاس صلاحیت، ہنر ، طاقت اور نئے بہار کی تعمیر کی طاقت ہے لیکن بے روزگاری، منتقلی، مہنگائی ،بھکمری نے انہیں آنکھوں میں آنسووں اور پیروں میں چھالے دئے ہیں۔ بہار ہندوستان کی شان اور وقار ہے اور یہاں کے کسان ،نوجوان،مزدور پورے ہندوستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار حکومت ریاست کے ان نوجوانوں کے ہنر کے مطابق پالیسی نہیں بنا سکی، اس لئے آج بہار کا ہر گاؤں، قصبہ ،شہر کھیت اور کھلیان اپنی شان اور مستقبل کے لئے تبدیلی کو تیار ہیں اور اس بار اسمبلی انتخابات میں تبدیلی کی فضا چل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بار اسمبلی الیکشن کئی سوالوں کی زد میں ہے۔ اس بار سوال بے روزگاری کا ہے۔ سوال کھیتی بچانے کا ہے۔ سوال روٹی اور روزگار ، تعلیم اور صحت کا ہے۔ سوال صنعت اور دھندے کا ہے۔ سوال بے لگام جرائم پر روک لگانے کا ہے۔ سوال آمریت پسند حکومت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے لئے یہ وقت اندھیرے سے اجالے کی طرف،جھوٹ سے سچ کی طرف اور حال سے مستقبل کی طرف بڑھنے کا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ علم کی زمین کہے جانے والے بہار کے عوام سے میری اپیل ہے کہ وہ عظیم اتحاد کے امیدواروں کو ووٹ دیں اور نئے بہار کی تعمیر کریں۔

Comments are closed.