بعد دوپہر موسم نے اچانک بدلی کروٹ ، شہر سرینگر سمیت شمال و جنوب میںکچھ منٹوں تک تیز بارشیں
بیشتر علاقوں میں شدید ژالہ باری ، کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان ، کسان اور باغ مالکان پریشان
سرینگر/02جون: دوپہر کے بعد وادی میں ایک بار پھر موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے مطلع ابرآلود ہوا اور شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیرمیں تیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری اور بارشوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوااس دوران محکمہ موسمیات نے جمعرات سے موسم بہتر رہنے کی پیشن گوئی کی ہے ۔ کرنٹ نیوز آ ف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں اگرچہ صبح سے ہی اچھی دھوپ کھلی تھی تاہم بعد دوپہر شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میںتیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ بادل گرجے جبکہ شدید بارشیں اور ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار کے روز موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان بادلوں کی اوٹ میں چھپ گیا اور سورج بھی غائب ہواجس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی کمی واقع ہوئی ۔ اس دوران شہر سرینگر ، بارہمولہ، شوپیاں اور پلوامہ میں بادل گرجنے کے ساتھ ہی اچانک سخت ژالہ باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ادھر ذرائع نے بتایا ہے کہ شمالی کشمیر کے رفیع آباد بارہمولہ میں شدید ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ دوپہر 2.30بجے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں قریب 10منٹ تک شدید ژالہ باری ہوئی جس کے بعد شدید بارشیں ہوئی جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ میوہ درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کاشت کاروں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ ادھر ضلع شوپیاں میں بھی بعد دوپہر کئی علاقوں میں شدید ترین ژالہ باری ہوئی جس نے میوہ باغات کو کافی نقصان سے دوچار کیا ۔ دریں اثناء ضلع پلوامہ میں بھی شدید ترین بارشوں اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے ۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے جمعرات سے موسم خوشگوار رہنے کی پیشنگوئی ہے ۔
Comments are closed.