نا معلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں زخمی سابقہ جنگجو : دس روز بعد اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا ،کاکا پورہ پلوامہ میں کہرام

سرینگر/25اکتوبر: جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکا پورہ علاقے میں نا معلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوا سابقہ جنگجو دس دن موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں اتوار کی صبح زندگی کی جنگ ہار گیا ۔ سی این آئی کے مطابق رواں ماہ کی 15تاریخ کو پلوامہ کے کا کا پورہ علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا تھا جب شام دیر گئے مسلح بندوق برداروں نے سابقہ جنگجو تنویر احمد صوفی پر نزدیک سے گولیاں چلائی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تنویر احمد صوفی کونزدیکی اسپتال علاج و معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک دیکھ کو اسکو سرینگر ریفر کیا تھا ۔ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر میں قریب نو دن ونوں تک زیر علاج رہنے کے بعد تنویر احمد صوفی اتوار کی صبح زندگی کی جنگ ہار گیا اور موت کی آغوش میں چلا گیا ۔ اسپتال میں تعینات ایک ڈاکٹر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تنویر صوفی اتوار کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ ادھر پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے بھی تنویر صوفی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد موت کی آغوش میں چلا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں پہلے ہی کیس درج کر لی گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے ۔ اسی دوران جونہی تنویر احمد صوفی کے انتقال کی خبر علاقے میںپھیل گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی ۔

Comments are closed.