دفعہ 370کی بحالی پر روی شنکر کے بیان پر عمر عبد اللہ کی سخت تنقید : کہا ہم توقع نہیں کرتے ہیں کہ مرکزی سرکار کسی بھی چیز کو بحال کریگی
سرینگر/25اکتوبر: جموں کشمیر میں دفعہ 370کی بحالی سے متعلق مرکزی وزیر قانون کے بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ ہم توقع نہیں کرتے ہیں کہ مرکزی سرکار کسی بھی چیز کو بحال کریگی ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دفعہ 370 بحال نہیں کیا جائے گا۔عمر عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں لکھا’’پیارے روی شنکر پرساد جی، ہم آپ سے توقع نہیں کرتے ہیں کہ آپ کسی بھی چیز کو بحال کریں، لیکن جب تک آپ یہ تجویز نہیں کر رہے ہیں کہ عدالت عظمیٰ نے اپنی آزادی سرنڈر کردی ہے اور آپ سے ڈکٹیشن لیتا ہے، براہ کرم یہ نہ سمجھیں کہ جج صاحبان کیا فیصلہ کریں گے‘‘۔ خیال رہے کہ اس سے قبل مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی کا فیصلہ پارلیمنٹ میں کیا گیا ہے اور اس کو واپس بحال نہیںکیا جاسکتا ہے ۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ، جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن بحال کرنے سے متعلق متعدد جماعتوں کی طرف سے دائر کی گئی درخواستوں پر سماعت کررہا ہے۔
Comments are closed.