مغل روڑ پر ڈرائیور اور کنڈیکٹر حادثے میں ہلاک : بانہال میں لاپتہ خاتون کی بوسیدہ لاش برآمد

سرینگر/23اکتوبر: مغل روڑپر آج اُس وقت ایک المناک سڑک حادثے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر ہلاک ہوئے جب ایک ٹینکر حادثے کا شکار ہوا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے خطہ چناب کو کشمیر وادی سے ملانے والے تواریخی مغل روڑ پر جمعہ کے روز ایک ٹینکر زیر نمبر JK02CH 2595حادثے کا شکار ہوا ۔ ٹینکر جموں سے کشمیر کی طرف آرہا تھا اور پوشنان مغل روڑ پر حادثہ پیش آیا جس میں ٹینکر کا ڈرائیور تروندر سنگھ ساکن جموں اور کنڈیکٹر منگل سنگھ ساکن ڈوڈہ لقمہ اجل بن گئے ۔ اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی ایس پی سرنکوٹ چودھری عبدالخالق نے بتایا کہ اس حادثے میں دو افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے ۔ ادھر جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال قصبے میں جمعے کی صبح قریب چار ہفتوں سے لاپتہ ایک خاتون کی بوسیدہ لاش برآمد کی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بانہال کے چملواس علاقے میں جمعے کی صبح مسریٰ بیگم زوجہ ارشد احمد میر ساکن بنکوٹ کی بوسیدہ لاش برآمد کی گئی۔انہوں نے کہا کہ موصوفہ ماہ ستمبر کے آخری ہفتے سے لاپتہ تھی۔

Comments are closed.