سعیدہ کدل سرینگر میں فورسز گاڑی پر پتھرائو کے بعد مرغ فروش کی پٹائی اور مرغوں کو کیا گیا ہلاک ، قصور واروں کے خلاف کارروائی ہوگی/ سی آر پی ایف

سرینگر/17اکتوبر/سی این آئی // سرینگر کے پائین علاقہ سیعدہ کدل میں سی آر پی ایف اہلکاروںنے ایک مرغ فروش کو مبینہ طور پر پیٹا جبکہ اس کے مرغوں کو بھی ہلاک کردیا ہے اور دکاندار کا موبائل فون بھی توڑ دیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سعیدہ کدل سرینگر میں ہفتہ کے روز وہاں سے گزرنے والی سی آر پی ایف گاڑیوں پر مبینہ طور پر پتھرائو کیا جس کے بعد سی آر پی ایف اہلکاروں نے ایک مقامی مرغ فروش کی پٹائی کردی اور اس کے مرغوں کو ہلاک کردیا۔ مرغ فروش نے سی آر پی ایف اہلکاروں پر الزام عائد کیا کہ انہوںنے سنگبازوں کا نزلہ مجھ پر نکالا ۔ انہوںنے کہا کہ سی آر پی ایف اہلکاروںنے اس کی بلاوجہ پٹائی کی اور بندوق کے بٹھوں سے میرے سر کو مارا جبکہ مرا موبائل فون توڑ ڈالا اور کئی مرغوں کو بندوقوں سے مار کر ان کو بھی ہلاک کردیا ۔ مرغ فروش نے کہا کہ میں گزشتہ پندرہ برسوں سے یہاں پر دکانداری کررہا ہوں تاہم آج فورسز نے مجھے ناکارہ گناہوں کی سزادی ۔ مرغ فروش نے کہا کہ یہ انسانیت کے خلاف ہے کہ فورسز نے میرے ساتھ ساتھ مرغوں کو بھی بندوقوں سے پیٹا جس کی وجہ سے متعدد مرغ ہلاک ہوچکے ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ مرغ فروش کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکا ہے جس میں وہ اپنی روداد سنارہا تھا ۔ اس نے کہا کہ میری پٹائی کے بعد فورسز اہلکاروں نے مجھے دھمکی بھی دی کہ اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے ۔ مرغ فروش نے کہا کہ اس سلسلے میں میں نے پولیس سے بات کی جنہوںنے معاملے کے حوالے سے ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی ۔ دریں اثناء اس ضمن میں جب سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ سے بات کی گئی تو انہوںنے کہا کہ وہ اس معاملے کے حوالے سے جانکاری حاصل کریں گے اور اگر یہ بات صحیح ہے تو ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ضرور ہوگی ۔

Comments are closed.