گپکار اعلامیہ چین اور پاکستان کی شہہ پر عملایا گیا:بی جے پی

دفعہ 370بھارت کی سالمیت کیلئے خطرہ تھا جو اب قیامت تک بحال نہیں ہوگا:رینہ

سرینگر/16اکتوبر: بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوٹی صدر رویندر رینہ نے نیشنل کانفرنس ،پی ڈی پی اور دیگر ہم خیال جماعتوں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پاکستان اور چین کی شہہ پر دفعہ 370کی منسوخی کی مخالفت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو کتنا بھی شوروغل مچانا ہوگا مذکورہ دفعہ اب قیامت تک بحال نہیں ہوگی کیوں کہ یہ بھارت کے اتحاد اور سالمیت کیلئے خطرہ بن چکا تھا ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی سمیت چھ علاقائی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کو عوام کے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گپکار اعلامیے کے دستخط کنندگان چین اور پاکستان کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر کے عوام دفعہ 370 کی منسوخی کا جشن منا رہے ہیں۔ساتھ ہی کہا کہ یہ آئینی دفعہ قیامت کی صبح تک بحال نہیں ہوگی۔ رینہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے لئے گئے فیصلے سے جموں کشمیر کے عوام خوش ہے اور نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، پی سی اور دیگر ان کی ہم خیال جماعتیں اب علیحدگی پسندوں کا رول نبھارہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جو حال علیحدگی پسند جماعتوں اور ان کے لیڈروں کا ہوا ہے اس سے اب انہیں بھی سبق سیکھنا چاہئے ۔ رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کی تعمیر و ترقی سے یہ لوگ ناخوش ہے اسی لئے اب اس طرح کے حربے آزمارہے ہیں تاکہ ان کا کھویا ہوا اقتدار انہیں واپس ملے لیکن ایسا اب ہرگز ممکن نہیں ہے۔

Comments are closed.