جوائنٹ کمشنر پلاننگ ایس ایم سی کے ساتھ زیادتی کا معاملہ

پولیس نے ایس ایم سی کے 2وارڈ افسروں کو گرفتار کرلیا ۔ کیس درج

سرینگر/09اکتوبر: سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر پلاننگ کے ساتھ زیادتی کے ایک معاملے کے سلسلے میں پولیس نے آج سرینگر میونسپل کارپوریشن کے 2افسروں کی گرفتار ی عمل میں لاکر ان کے خلاف کیس درج کرلیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق پولیس نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے دو افسران کو گرفتار کرلیا ہے جن کے خلاف شکایت ہے کہ انہوں نے ایس ایم سی کے جوائنٹ کمشنر پلاننگ کے ساتھ زیادتی کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے ایس ایم سی کے دو وارڈ افسران ریاض احمد اور ارشاد احمد کو گرفتار کرلیا اور ا ن کے خلاف زیر ایف آئی آر نمبر (122/2020 us 353 IPC) درج کرلیا ۔ اس ضمن میں جوائنٹ کمشنر پلاننگ غلام حسن کی جانب سے شہید گنج پولیس سٹیشن میں باضابطہ طور پر ایک شکایت درج کی گئی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ وارڈ افسران نے کمشنر موصوف کو دھمکی دی تھی کہ وہ اگر ان کو حیدر پورہ میں ذاتی مکان تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے تو ان کے خلاف ایس ایم سی میں منظم احتجاجی لہر چھیڑ دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ریاض احمد حیدر پورہ میں ایک رہائشی مکان تعمیر کررہا ہے جس کے لئے اس کو ایس ایم سی کی جانب سے اجازت نہیں ملی ہے ۔ جبکہ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایم سی کی جانب سے اسے اجازت ملی ہے لیکن آس پاس کے لوگوں کی جانب سے کی گئی شکایت کی بناء پر عدالت نے مکان کی تعمیر پر روک لگائی ہے ۔

Comments are closed.