ڈیلی ویجرس ،کیجول لیبرس اورنیڈ بیس ملازمین کی حالت خراب
دہائیوں سے مستقل ہونے کے منتظر،انتظامیہ سے توجہ دینے کا مطالبہ
سرینگر //کے پی ایس : ڈیلی ویجرس ،کیجول لیبرس اور نیڈ بیس ملازمین کی حالت انتہائی خراب ہے جس کے نتیجے میں ان کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس سلسلے میں عارضی ملازمین کے کئی وفود نے کشمیر پریس سروس کے نمائندہ نذیر چکسری کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف محکموں میں عرصہ دراز سے تن دہی سے کام انجام دے رہے ہیں لیکن ان کی محنت اور خدمت کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ محکموں میں دہائیاں گزارنے کے باوجود بھی وہ اپنی ہی پوزیشنوں پر ہیں اور ان کی مستقلی کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زمینی سطح پر اگر چہ محکموں میں مستقل ملازمین سے زیادہ تن دہی اور بخوبی سے کام انجام دیتے ہیں لیکن عارضی ملازمین کی خدمات کو فراموش کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ارباب اقتدار نے کرسیوں پر براجماں رہ کر بھی ان بے بس غریب ملازمین کے تئیں کوئی عار محسوس نہیں کیا ہے بلکہ ٹال مٹول کی پالیسی پر گامزن رہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں کم کفافہ پر اپنے اہل عیال کی پروش نہیں کرسکتے ہیں اور تنخواہوں کی عدم واگزاری سے فاقہ کشی پر مجبور ہورہے ہیں۔۔اس سلسلے میں انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مستقلی کیلئے مزید تاخیرکے بغیر ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے اور انصاف کے تقاضے بھی پورا ہوسکیں گے۔
Comments are closed.