’’ٹنڈولکر ‘‘کے نام سے مشہور نوجوان کھلاڑی دوران کھیل حرکت قلب بند ہونے سے ازجاں

خانصاب بڈگام میں صف ماتم کی لہر بچھ گئی ، علاقے کی فضا سوگوار ، ہر آنکھ نم

سرینگر /31اگست : وسطی ضلع بڈگام کے خانصاب علاقے میں سوموار کو اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب نوجوان ’’ٹنڈولکر ‘‘ کے نام سے مشہور نوجوان کھلاڑی دوران کھیل حرکت قلب بند ہونے سے میدان میں ہی جاں بحق ہو گیا ۔ نوجوان کھلاڑی کے موت کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں قیامت صغریٰ بپا ہوئی ۔ سی این آئی کو اس ضمن میں ملی تفصیلات کے مطابق وسطی کشمیر میں بڈگام ضلع کے خانصاحب علاقے میں ایک نوجوان کرکٹر،جسے اْسکی بیٹنگ صلاحیت کیلئے جانا تھا، دورانِ کھیل دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ30سالہ اعجاز احمد میر ولد محمد سبحان میر ساکن کرمشورہ، بڈگام کو کھیل کے دوران دل کا دورہ پڑا اور وہ ایک دوڑ پوری کرتے ہوئے اچانک گر کر بیہوش ہوگیا۔اْسے سب ضلع اسپتال خانصاحب پہنچایا گیا جہاں اْسے مردہ قرار دیا گیا۔مقامی آبادی نوجوان کرکٹ کھلاڑی کی اچانک موت سے صدمے کا شکار ہے۔ مذکورہ نوجوان کے بارے میںبتایا جاتا ہے کہ جارحانہ کھیل کے باعث اسے ’’ ٹنڈولکر ‘‘ کے نام سے جانا جاتا تھا ۔ اسی دوران جونہی نوجوان کھلاڑی کے موت کی خبر پھیل گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی جبکہ ہر طرف فضا سوگوار دیکھنے کو ملی ۔ ادھر مختلف سماجی و سپورٹس شخصیت نے نوجوان کرکٹر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔

Comments are closed.