قربانیوں کے ساتھ ایفائے عہد کو پورا کرنا ہم سب کا فرض :گیلانی
بھارت ہماری مقدس تحریک کو خانہ جنگی میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا
سری نگر:۲۸،مئی:/ سید علی گیلانی نے پلوامہ میں فورسز کی جانب سے ایک عام شہری بلال احمد گنائی کو بلا جواز گولیوں کا شکار بنائے جانے کی کارروائی کی مذمت کی۔ حریت راہنما نے اس امر پر اپنے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ک ہ فوج وفورسزعسکریت پسندوں کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران اپنی فوجی طاقت کے نشے میں جان بوجھ کر سول آبادی کی طرف بندوق کے دھانے کھول کر یہاں کے حریت پسند عوام میں خوف وہراس کا ایک گھناؤنا ماحول قائم ودائم رکھنا چاہتے ہیں۔ حریت پسند راہنما نے شہید موصوف کے حق میں خراج عقیدت اور لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے ساتھ ایفائے عہد کو پورا کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ سید علی گیلانی کی ہدایت پر حریت سینئر لیڈر بشیر احمد اندرابی پلوامہ گیا جہاں انہوں نے شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اس موقع پر عوامی ریلی سے خطاب بھی کیا۔ حریت راہنما نے حاجن سوناواری اور بارہ مولہ میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں حالیہ لرزہ خیز ہلاکتوں کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے آفاقی قوانین بدترین دشمنوں کو بھی وحشیانہ اذیتیں دے کر قتل اور مسخ صورت کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ حریت راہنما نے ریاست کے اطراف واکناف میں انتظامیہ کی طرف سے اخوانی طرز کے نامعلوم بندوق برداروں کی پشت پناہی کرتے ہوئے ہماری مقدس تحریک کو خانہ جنگی میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ حریت راہنما نے اپنے غیور عوام سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس خونین صورت حال میں وہ تحریک دشمنوں کے مکروہ عزائم سے خبردار رہتے ہوئے ان کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ حریت راہنما نے کہا کہ بھارت حریت پسند عوامی صفوں کے اندر انتشار پھیلانے اور عوام کو اپنی مقدس تحریک سے بدظن کرنے کے تمام سامراجی حربے آزما رہا ہے، لیکن انہیں آج تک ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا۔ حریت راہنما نے تہاڑ جیل میں اسیرانہ زندگی گزارنے والے سینئر حریت پسند راہنما شبیر احمد شاہ کی دختر نیک اختر کی شاندار کامیابی پر انہیں اپنی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اس بیٹی نے اپنے والد صاحب کی اسیرانہ زندگی کے باوجود ہزار مشکلات اور ذہنی دباؤ کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے بارہویں جماعت کے مسابقتی امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرکے اپنی مظلوم قوم کے نونہال طلباء کے لیے ایک مثال قائم کردی ہے اور پوری قوم کو ایسی بیٹی پر فخر ہے۔ حریت راہنما نے اپنی نظربندی کی وجہ سے شبیر احمد شاہ کے مسکن پر ذاتی طور سما بشیر کو مبارک دینے اور اظہار تہتینیت کرنے سے معذرت کے ساتھ صرف ٹیلیفون پر انہیں مبارکباد دینے کے علاوہ حریت مجلس شوریٰ کے ارکان بشمول حکیم عبدالرشید، سید محمد شفیع اور امتیاز احمد شاہ پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد کو شبیر احمد شاہ کے دولت خانے پر اُن کا پیغام پہنچانے کے لیے روانہ کیا۔ ادھر سید علی گیلانی نے حریت کانفرنس کے آفس سپر انٹنڈنٹ پیر عبدالرشید کے چچازاد بھائی پیر غلام حسن آکھرنی (سیکریٹری اوقاف کولگام) کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے متوفی کے حق میں دُعائے مغفرت اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ سے انہیں صبرو استقلال عطا کرنے کی دُعا کی۔
Comments are closed.