خون عطیہ کرنا ایک بہت بڑی نیکی اور ثواب کا کام
ڈاکٹر فاروق عبداللہ مختلف ریاستوں سے آئے رضاکاروں سے ملاقی
سری نگر:۲۸،مئی:/ نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ آج ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کیساتھ ملاقی ہوئے، جو رمضان کے مقدس مہینے میں کشمیر میں خون کا عطیہ دینے کیلئے آئے ہیں۔ یہ تقریب رقتاچے ناطے چیریٹیبل ٹرسٹ اور فاتح بلڈ سیوا پنجاب نے چائلڈ رائٹس ایجوکیشنل سوسائٹی بڈگام کے اشتراک سے کیا تھا۔اس پہل کورضاکار تنظیم ’انر کال فورم فار ایلوشن ،ڈیولپمنٹ اینڈ ایوئرنس‘کا بھی تعاون حاصل تھا۔رضاکاروں نے کل اے ایس وائی ایم ہسپتال بڈگام میں 38پوائنٹ خون کا عطیہ پیش کیا۔ خون کا عطیہ دینے والے رضاکاروں کا تعلق مہاراشرا، پنجاب اور نئی دلی سے تھا جبکہ مقامی لوگوں نے بھی اس عطیہ کیمپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خدمت خلق کی اس پہل کی سراہنا کرتے ہوئے تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ مہاراشٹرا، دلی ،پنجاب اور کشمیر کے بچوں نے اپنے خون کا عطیہ دیا ہے۔خون عطیہ کرنا ایک بہت بڑی نیکی اور ثواب کا کام ہے، اس سے زندگیاں بچتی ہیں۔ قرآن میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ”جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے تمام انسانیت کی جان بچائی”۔ لہٰذا ہمیں خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس سے بھی بڑی بات یہ ہے کہ یہ بچے رمضان کے مہینے میں عطیہ کررہے ہیں۔میں اپنی طرف سے اور لوگوں کی طرف سے ان رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ ان لوگوں نے جو یہ خون کا عطیہ دیاہے، اس سے ہمارے رشتے اور مضبوط ہونگے اور ہم آگے چل کر اس کو اور بڑھاؤا دیں گے اور ہمارا وطن ایک نئی راہ کی طرف گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں اُمید کرتا ہوں کہ ان کی یہ پہل کامیاب رہے اور آگے چل کر یہ خدمت خلق مزید وسیع ہوجائے اور یہ پہل دوسروں کیلئے ترغیب کا باعث بن سکے۔اس موقعہ پر پارٹی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال بھی موجود تھے ۔ جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیمتی جانوں کا تحفظ کرنا اور خون کا عطیہ دیکر قیمتی جانیں بچانا بھی ایک بڑی عبادت ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ رضاکار تنظیم خدمت خلق میں اپنا نام ضرور روشن کرینگے۔
Comments are closed.