کشمیر: سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات چوتھے دن بھی معطل
سری نگر، 28 مئی : جنوبی کشمیر میں احتجاجیوں کی جانب سے ریل پٹریوں اور سگنل سسٹم کو پہنچائے گئے نقصان کی وجہ سے وادی کشمیر میں گرمائی دارالحکومت سری نگر سے جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات پیر کو مسلسل چوتھے دن بھی معطل رہیں۔ تاہم سری نگر اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ٹرینیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’جنوبی کشمیر میں گذشتہ روز احتجاجیوں نے ریلوے املاک بشمول پٹریوں اور سگنل سسٹم کو ایک بار پھر نقصان پہنچایا۔ نقصان والے حصے پر مرمت کا کام جاری ہے۔ جوں ہی یہ کام مکمل ہوگا ریل خدمات کو بحال کردیا جائے گا‘۔
دریں اثنا وادی میں روزانہ کی بنیاد پر ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات کی معطلی کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کشمیر میں ملک کے دوسرے حصوں کا سفر کرنے والے بیشتر لوگ جموں کے بانہال تک کا سفر ریل گاڑیوں کے ذریعے کرتے ہیں۔ ایسے مسافروں کو پیر کی صبح ایک بار پھر ریلوے اسٹیشنوں سے مایوس ہوکر سڑک کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔
یواین آئی
Comments are closed.