پلوامہ میں جنگجوؤں اور فوجیوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ، ایک عام شہری اور ایک فوجی ہلاک
سری نگر، 28 مئی: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گذشتہ رات جنگجوؤں اور فوجی اہلکاروں کے مابین گولہ باری کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں ایک شہری اور ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔ مہلوک شہری کی شناخت بلال احمد گنائی ولد محمد رمضان گنائی ساکنہ ناروہ پلوامہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ پیشے سے ڈرائیور تھا۔
یہ وادی میں مرکزی حکومت کی طرف سے ’رمضان سیر فائز‘ کے اعلان کے بعد مسلح تشدد میں کسی شہری اور فوجی کی ہلاکت کا پہلا واقعہ ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شہری کی ہلاکت کے پیش نظر ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو احتیاطی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے گذشتہ رات قریب 10 بجکر 15 منٹ پر پلوامہ کے کاکہ پورہ میں واقع فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کیمپ پر حملہ کردیا۔ انہوں نے بتایا ’جنگجوؤں نے کیمپ کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا مختصر تبادلہ ہوا‘۔
یو این آئی
Comments are closed.