مقدس ایام میں بھی پٹھان کالونی زاکورہ پینے کے صاف پانی سے محروم
لوگوں کو سخت ترین مشکلات کا سامنا ، محکمہ پی ایچ ای خواب غفلت کی نیند میں محو
سرینگر /27مئی /کے پی ایس : سخت ترین گرمی کی لہر اور ماہ رمضان کے مقدس ایام میں پٹھان کالونی زکورہ میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں ہاہا کار مچی ہوئی جبکہ لوگ پانی کے ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔ تعمیل ارشاد سے بات کرتے ہوئے پٹھان کالونی زاکورہ کے لوگوں نے بتایا کہ کالونی کی لین نمبر 3گزشتہ ایک ہفتے سے پینے کے صاف پانی کیلئے ترس رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کالونی میں اس سے قبل بہت کم پانی ہوا کرتا تھا تاہم گزشتہ ایک ہفتے سے کالونی میں پانی کا کوئی نام و نشان نہیں ہے جس کے نتیجے میں ماہ رمضان کے ان مقدس ایام میں بھی لوگ پریشانیوں کے شکار ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں جہاں لوگوں کو شدت کی گرمی میں دوسرے علاقوں سے پینے کیلئے صاف پانی لانا پڑ رہا ہے جبکہ علاقے کے لوگ اب گندہ پانی پینے کیلئے مجبور ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں مختلف مہلک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ لاحق ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں اگرچہ انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو بھی آگاہ کیا تاہم انہوں نے اس کی طرف کوئی توجہ فراہم نہیں کی جس کے نتیجے میں مقدس ایام میں بھی لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک طرف سے ریاستی سرکار کی طرف سے ماہ رمضان میں لوگوں کو تمام تر سہولیات بہم رکھنے کے بڑے بڑے دعوئے کر رہی ہے تاہم دوسری طرف سے گزشتہ ایک ہفتے سے پٹھان کالونی زاکورہ کی لین نمبر 3پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جو ان تمام دعوؤں کی پول کھول دیتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے ایک مرتبہ پھر محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ کالونی میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔
Comments are closed.