مہلوک حزب کمانڈر سبزار بٹ کی پہلی برسی

جنوبی قصبہ ترال میں ہڑتال سے معمول کی زندگی مفلوج

سرینگر /27مئی / سی این آئی گزشتہ سال آج ہی کے دن فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے حزب کمانڈر سبزار احمدبٹ کی پہلی برسی کے موقعہ پر جنوبی قصبہ ترال میں اتوار کو ہمہ گیر ہڑتال رہی جس کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔اسی دوران ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر قصبہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے تاہم کسی بھی جگہ سے کسی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق گزشتہ سال آج ہی دن جنوبی قصبہ ترال کے سیمو علاقے میں فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان خونین معرکہ آرائی میں معروف حزب کمانڈر برہان وانی کا جا نشین سبزار احمد بٹ اپنے ایک ساتھی سمیت جاں بحق ہو گیا تھا ۔مہلوک جنگجو کمانڈر کی پہلی برسی کے موقعہ پر جنوبی قصبہ ترال میں اتوار کو مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں، دکانیں، تجارتی مراکزا ور دفاتر وغیرہ بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آمدروفت بھی بری طرح سے متاثر رہی۔ ترال سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ علاقے میں انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی ممکنہ گڑ بڑھ کو مڈ نظر رکھتے ہوئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے تاہم کسی بھی جگہ سے کسی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔مجموعی طور پر ہمہ گیر ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں اور سڑکیں بھی دن بھر سنسان نظر آئیں جس کی وجہ سے معمول کی زندگی درہم برہم رہی۔اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ مہلوک کمانڈر سبزار احمد بٹ کے آبائی علاقے میں تعزیتی مجلس کا اہتمام بھی ہوا جس دوران لوگوں کی بھاری تعداد نے لواحقین کی ڈھارس بندھائی اور مہلوک کمانڈر کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

Comments are closed.