کشمیر میں سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات تیسرے دن بھی معطل ، مسافر پریشان

کشمیر میں سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات تیسرے دن بھی معطل ، مسافر پریشان

سری نگر، 27 مئی :وادی کشمیر میں گرمائی دارالحکومت سری نگر سے جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات اتوار کو مسلسل تیسرے دن بھی معطل رہیں۔ تاہم سری نگر اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ٹرینیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’جنوبی کشمیر میں گذشتہ روز احتجاجیوں نے ریلوے املاک بشمول پٹریوں اور سگنل سسٹم کو ایک بار پھر نقصان پہنچایا۔ نقصان والے حصے پر مرمت کا کام جاری ہے۔ جوں ہی یہ کام مکمل ہوگا ریل خدمات کو بحال کردیا جائے گا‘۔ دریں اثنا وادی میں روزانہ کی بنیاد پر ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو سری نگر اور بانہال کے درمیان ریل خدمات کی معطلی کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کشمیر میں ملک کے دوسرے حصوں کا سفر کرنے والے بیشتر لوگ جموں کے بانہال تک کا سفر ریل گاڑیوں کے ذریعے کرتے ہیں۔ ایسے مسافروں کو اتوار کی صبح ایک بار پھر ریلوے اسٹیشنوں سے مایوس ہوکر سڑک کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔ ریل گاڑیوں کو کشمیر میں آمدورفت کا سستا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نوجوانوں کے ایک گروپ نے جمعہ کے روز ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ آرونی میں مبینہ طور پر ریل پٹریوں کو اکھاڑنے کے علاوہ سگنل سسٹم کو بھی نقصان پہنچایا۔ احتجاجی نوجوان ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی طرف سے گرفتار کئے گئے چند نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔
جاری۔ یو این آئی

Comments are closed.