قتل واقعہ پر حاجن میں ہڑتال ،احتجاج
حاجن:۲۶،مئی : / حاجن میں ہفتہ کے روز شہری کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال رہی جبکہ سینکڑوں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق شمالی قصبہ حاجن میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل واقعہ کے خلاف احتجاجی ہڑتال رہی ۔اطلاعات کے مطابق حاجن قصبہ کے نائید کھائی ،مڈون ،پرنگ ،شاہ گنڈ ،وجپورہ ،مارکنڈل اور سمبل میں ہفتہ کے روز دکانات وکاروباری اور تجارتی مراکز بند رہے ۔یہ ہڑتال گزشتہ روز38سالہ شہری کو گلا کاٹ کر قتل کرنے کے واقعہ پر کی گئی ۔ ایک رپورٹ کے مطابق 38سالہ محمد یعقوب وگے ساکنہ گنڈ پرنگ جو کہ پیشہ سے قصائی تھا کو اپنے گھر کے اندر پانچ نامعلوم بندوق برداروں نے جمعرات کی شب کو زبح کرکے قتل کردیا ۔اس دوران سینکڑوں لوگوں جن میں مذکورہ مہلوک شہری کے اہلخانہ ورشتہ دار بھی شامل تھے ،نے سڑکوں پر نکل کر اس واقعہ کے خلاف احتجاج مظاہرے کئے ۔انہوں نے پرنگ سے لیکر حاجن پولیس تھانہ تک احتجاجی ریلی نکالی اور مطالبہ کیا کہ ملوثین کو سخت سے سخت سزا دی جائے ،جنہوں نے محمد یعقوب وگے کو بے دردی سے گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔پولیس کا واقعہ سے متعلق ردِ عمل کچھ اس طرح سے ہے :حاجن بانڈی پورہ میں ملی ٹینٹوں نے مقامی نوجوان کا وحشیانہ طریقے سے قتل کیا۔ پولیس نے طلوع آفتاب سے قبل محمد یعقوب وگے ولد غلام محمد جس کو ملی ٹینٹوں نے بے دردی کے ساتھ قتل کیاکی گلا کٹی نعش اْس کے آبائی گاؤں گنڈ پرنگ حاجن سے برآمد کی۔پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ لشکر طیبہ سے وابستہ مقامی ملی ٹینٹ سلیم پرے نوجوان کے قتل میں ملوث ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ہلال احمد پرے نامی نوجوان کا اغوا کرنے کے بعد اْس کو قتل کیا گیا تھابعد میں اْس کی نعش نرسری سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
Comments are closed.