کپواڑہ کے ٹنگڈار میں دراندازی کی بڑی کوشش ناکام، 4 بھاری مسلح جنگجو ہلاک
کپواڑہ کے ٹنگڈار میں دراندازی کی بڑی کوشش ناکام، 4 بھاری مسلح جنگجو ہلاک
سری نگر ، 26 مئی :فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے اور اس میں 4 بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں لکھا ’ٹنگڈار سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ ہفتہ کی علی الصبح دراندازی کی کوشش کرنے والے چار جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ آپریشن جاری ہے‘۔
دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری تھا‘۔ انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے ہفتہ کی علی الصبح بھاری مسلح جنگجوؤں کے ایک گروپ کو پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ کرنل کالیا نے بتایا کہ جب فوجیوں نے جنگجوؤں کو خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا تو انہوں نے اس کے برعکس خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
انہوں نے بتایا ’فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوا‘۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم میں چار بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا ’علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا ہے‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ یہ ضلع کپواڑہ میں گذشتہ آٹھ دنوں کے دوران دراندازی کی دوسری کوشش ہے جس کو ناکام بنایا گیا ہے۔
جاری یو این آئی
Comments are closed.