جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر سڑک کا المناک حادثہ

معصوم بچے سمیت 5 مسافر لقمہ اجل،8 دیگر زخمی

سرینگر/25مئی / جموں کے سانبہ علاقے میں دوران شب سڑک کے المناک حادثے میں کمسن بچے سمیت 5افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 8دیگر زخمی ہو گئے ہیں ۔سی این آئی کو پولیس ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پرجمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو اس وقت ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جب جموں سے پنجاب کی طرف جارہی ایک گاڑی راستے میں پیڑ سے ٹکرائی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سڑک کے اس حادثے میں ایک کمسن بچے سمیت قریب ایک درجن افراد زخمی ہوگئے جن کو اگرچہ علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہاں کمسن بچہ سمیت پانچ افراد زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے چار مہلوکین کی شناخت 30 سالہ لب پریت سنگھ ولد سندھو سنگھ، 30 سالہ پنو زوجہ اترس، وینو زوجہ رام پال اور 60 سالہ گیتا دیوی زوجہ کشمیرا لال کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے ایک سالہ بچے کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ زخمیوں کی شناخت 23 سالہ راہل ولد کشمیرا لال، 24 سالہ اترس ولد وجے ماشی، 30 سالہ راجو ولد یوساف ماشی، 25 سالہ نیتو ولد راہل ، 45 سالہ روپ سنگھ ولد سوہان سنگھ اور 26 سالہ مانو ولد رام پال کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں کئی ایک کی حالت انتہائی تشویش ناک بنی ہوئی ہے ۔

Comments are closed.