امرا کدل میں موم بتیاں جلا کر آپریشن بلیو سٹار میں مارے گئے ہزاروں سکھوں کو ادا کیا گیا خراج عقیدت
سرینگر؍امرا کدل سرینگر میں کل دیر شام گئے گرمٹھ ٹکسال نامی مذہبی اور سماجی سکھ تنظیم کی طرف سے بد نام زمانہ آپریشن بلیو سٹار کی تینتیسویں برسی کے موقعہ پر جانبحق ہوئے ہزاروں سکھوں کو خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے ایک پُر امن دھرنے کا اہتمام کیا گیا جس میں سکھوں کے علاوہ اکثریتی فرقہ کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔جے کے این ایس کے مطابق اس موقعہ پر دھرنے میں شامل شرکاء نے موم بتیاں جلا کر اپنے خراج کا اظہار کیا ۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید جو کہ دھرنا میں شامل تھے اس موقعہ پر کہا کہ 6جون کا سیاہ ترین دن پوری عالمی برادری کیلئے چشم کشاء ہے ۔ انجینئر رشید نے کہا ’’جسطرح ہندوستانی فوج نے آج سے تینتیس سال قبل 6جون کو سکھوں کے مقدس ترین عبادت گاہ دربار صاحب امرتسر پر چڑھائی کرکے اس کے تقدس کو پامال کیا تھا وہ دنیا کی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ کارنامے کے طور یاد رکھا جائے گا ۔ آپریشن بلیو سٹار اُن چند نام نہاد سکھ لیڈروں جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت سردار پٹیل اور جواہر لعل نہرو کی باتوں میں آکر پاکستان اور مسلم لیگ کے خلاف ہر محاذ پر مہم چھیڑی تھی کی ہندوستان کے تئیں وفاداری کا صلہ ہے ۔ اگر اُن لیڈروں بشمول ماسٹر تارا سنکھ نے تب عقل سے کام لیا ہوتا تو نہ ہی سکھوں کو 6جون کا منحوس
دن دیکھنا پڑتا اور ساتھ ہی بر صغیر کا نقشہ کچھ اور ہوتا ‘‘۔اس موقعہ پر دھرنا میں شامل مقامی معزز لوگوں نے سکھ برادری کا اس بات کیلئے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انتہائی نا مساعد حالات کے باوجود اپنے مسلمان بھائیوں کا مصیبت کی ہر گھڑی میں بھر پور ساتھ دیا۔
Comments are closed.