رمضان سیز فائر اب تک کامیاب:ڈی جی پی
وزیر اعظم کی پہل سے کشمیر میں امن وقانون کی صورتحال میں نمایاں بہتری
سری نگر:۲۲،مئی:کے این این/ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے دعویٰ کیا ہے کہ رمضان سیز فائر اب تک کامیاب رہا جبکہ امن وقانون کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق حکومت ہند کی جانب سے یکطرفہ رمضان سیز فائر کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے دعویٰ کیا کہ رمضان سیز فائر اب تک کامیاب رہا ۔ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے دعویٰ کیا ہے کہ ماہِ رمضان کے پیش نظر مرکزی حکومت کا جنگ بندی سے متعلق فیصلہ اب تک کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے جنگ بندی فیصلے سے جنوبی کشمیر میں صورتحال میں بہتری آئی ہے۔پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے یہ اقدام امن و امان کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوا۔ایس پی وید نے کہا کہ خاص طور پر جنوبی کشمیر کے حالات میں خاصی بہتری دیکھنے کو ملی اور ان والدین کا اعتماد زیادہ بڑھ گیا ہے جو اپنے بچوں کو واپس گھر لانا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ ایک غیر معمولی اقدام کے تحت16مئی کو مرکزی حکومت نے اچانک یکطرفہ رمضان سیز فائر کا اعلان کیا ۔یہ اعلان مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سماجی رابط ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا ۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے تمام سکیورٹی فورسز کو حکم دیا کہ وہ ماہ رمضان کے پیش نظر جموں و کشمیر میں کسی قسم کا آپریشن نہ کریں۔انہوں نے اپنے ٹویٹر پر کہا تھا کہ ’’ہم نے مسلمانوں میں ماہ رمضان کے حوالے سے جو احترام ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے‘‘۔انہوں نیکہا تھا ’بھارتی حکومت کو توقع ہے کہ تمام مسلمان حکومت کا ساتھ دیں گے‘۔اس سے قبل 9مئی کو کل جماعتی اجلاس میں ریاستی حکومت کی جانب سے یکطر فہ جنگ بندی کرنے کی تجویز مرکزی حکومت کے سامنے رکھی تھی ۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ رمضان ،عید اور سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران اگر جنگ بندی کا اعلان کیا جاتا ہے ،تو وہ اعتماد سازی کا بڑا اقدام ہوگا ۔
Comments are closed.