سرحدی ٹکراؤ : امسال700مرتبہ مارٹر شلنگ اور گولی باری کا تبادلہ
جموں میں سرحدی صورتحال پُرتناؤ
تازہ فائرنگ وشلنگ ،شیر خوار بچہ جاں بحق ،متعدد زخمی ،نقل مکانی کا سلسلہ جاری
جموں:۲۲،مئی:کے این این/ ہند پاک کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی اور تناؤ کے بیچ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ہوئی ہلاکت خیزفائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں شیر خوار بچہ جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ۔صو بہ جموں کے سرحدی علاقوں میں خوف ودہشت کے باعث ہزاروں لوگ نقلِ مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ۔کشیدگی و تناؤ کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں احتیا طاً تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے ۔دریں اثنا حکام کا کہنا ہے کہ امسال پاکستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر 700مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ہوئیں ،تاہم پاکستان کا الزام ہے کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ،جن کا جواب دیا جارہا ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق صوبہ جموں میں ہند پاک سرحدپر شدید نوعیت کشیدگی اور تناؤ برقرار رہنے کے بیچ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سامبا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق پاکستانی رینجروں کی فائرنگ اور مارٹر شلنگ کے نتیجے میں سامبا کے اکھنور سیکٹر میں 70سالہ معمر شخص سمیت2افراد زخمی ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ24گھنٹوں سے وقفے وقفے سے جاری فائرنگ اور مارٹر شلنگ کے نتیجے میں 2درجن کے قریب دیہات اور کئی سرحدی حفاظتی چوکیاں متاثر ہوئیں ۔ذرائع نے بتایا کہ سامبا کے اکھنور سیکٹر میں طرفین کے مابین فائرنگ اور مارٹر شلنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا ۔آئی جی جموں زون ایس ڈی جموا ل کا کہناتھا کہ ار نیا سیکٹر میں تازہ گولہ باری کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ مدن لال بھگت ساکنہ پنڈی چرکھاں آہنی ریزوں کی زد میں آکر زخمی ہوا ۔مذکورہ زخمی شخص گورنمنٹ میڈیکل کالج واسپتال جموں منتقل کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ70سالہ معمر خاتون کوشلیادیوی بھی فائرنگ اور مارٹر شلنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئی ۔آئی جی جموں زون کے مطابق پولیس پارٹیوں کو جگہ جگہ عام لوگوں کی سہولیت کیلئے تعینات کیا گیا ۔صوبائی کمشنر جموں کے مطابق ہیمنت کمار شرما نے بتایا کہ متاثرہ لوگوں کیلئے ریلیف کیمپوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد آر ایس پورہ اور ارنیا سیکٹروں میں شدید مارٹر شلنگ کے بعد یہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے ۔شرما نے کہا کہ سینکڑوں لوگوں کی سہولیت کیلئے تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری عمارات میں ریلیف کیمپ منعقد کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کیلئے معقول سہولیت بہم رکھی ہے ،تاکہ اُنہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔صوبائی کمشنر نے بتایا کہ سرحد کے حساس علاقوں میں احتیا طاً اسکول بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ15مئی کو سامبا سیکٹر جموں میں دو در اندازی کی کوششوں کو ناکام بنادیا گیا ،جسکے بعد یہاں کراس بارڈر شلنگ کا سلسلہ شروع ہوا ۔حکا م کے مطابق پاکستانی فائر نگ کے نتیجے میں اب تک 2بی ایس ایف اہلکار سمیت7افراد ہلاک ہوئے جبکہ تازہ فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں شیر خوار بچہ جاں بحق اور18افراد زخمی ہوئے ۔بتایا جاتا ہے کہ8ماہ کا بچہ اُس وقت اکھنور میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوا جب کیری بٹال کے پالن والا گاؤں میں اہلخانہ کے ہمراہ سو رہا تھا ۔حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس بین الاقوامی سر حد اور لائن آف کنٹرول پر شدید گولہ باری کے نتیجے میں ریاست بری طرح سے متاثر ہوئی ۔حکام کے مطابق امسال700 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے واقعات رونما ہوئے ،جن میں39افراد ہلاک ہوئے جن میں18فورسز اہلکار بھی شامل ہیں ۔ادھر پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے سرحدوں پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ۔
Comments are closed.