پاکستان کی ہر گولی کا کرارا جواب دیں گے:راجناتھ

پاکستان کی ہر گولی کا کرارا جواب دیں گے:راجناتھ

نئی دہلی، 22 مئی : جموں و کشمیر میں سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کر کے پاکستان کی جانب سے مسلسل فائرنگ پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج بارڈر سکیورٹی فورس سے کہا کہ سرحد پار سے آنے والی ہر گولی کا کرارا جواب دیا جانا چاہئے۔
مسٹر راجناتھ سنگھ نے یہاں بارڈر سکیورٹی فورس کے افسران اور جوانوں کی اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات بنانے کی ہر کوشش کی ہے لیکن پڑوسی ملک اپنے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آ رہا ہے اور سلامتی دستہ کو اس کی ہر کارروائی کا مناسب جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا بارڈر سکیورٹی فورس کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی رکاوٹ یا سرحد آڑے نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جوابی کارروائی پر کسی سے کوئی سوال جواب نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ” پاکستان کی اس پینترے بازی کی وجہ کیا ہے یہ سمجھنا مشکل ہے۔ یہ ریسرچ کا موضوع ہو سکتا ہے لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتا۔ پہلے گولی تو پڑوسی پر نہیں چلنی چاہئے لیکن اگر ادھر سے چل جاتی ہے تو کیا کرنا ہے اس کا فیصلہ آپ کو کرنا ہے”
قابل ذکر ہے کہ پاکستانی رینجرس گزشتہ کچھ دنوں سے سانبہ جموں اور ارنيا علاقوں میں سرحدی حفاظتی دستہ کی چوکیوں پر شدید فائرنگ کر رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے سرحد کے رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے جان و مال کا نقصان ہو رہا ہے۔
یو این آئی

Comments are closed.