کشمیر میں ایک روزہ ہڑتال کے بعد معمولات زندگی بحال ، سری نگر سے پابندیاں ہٹائی گئیں
کشمیر میں ایک روزہ ہڑتال کے بعد معمولات زندگی بحال ، سری نگر سے پابندیاں ہٹائی گئیں
سری نگر ، 22 مئی: وادی کشمیر میں منگل کے روز معمولات زندگی بحال ہوگئے جہاں کل مرحوم میر واعظ مولوی محمد فاروق اور مرحوم عبدالغنی لون کی برسیوں کے موقع پر علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی اپیل پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ اس دوران سری نگر کے سات پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں گذشتہ تین دنوں سے عائد پابندیاں ہٹالی گئیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے بیشتر حصوں میں منگل کی صبح دکانیں اور تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی۔ تعلیمی ادارے کھل گئے اور سرکاری دفاتر و بینکوں میں معمول کا کام کاج بحال ہوا۔ پیر کو معطل رہنے والی ریل خدمات بھی بحال ہوئیں۔
مرحوم میرواعظ مولوی محمد فاروق کو 21 مئی 1990 ء کو نامعلوم بندوق برداروں نے اُن کی نگین رہائش گاہ پر قتل کیا تھاجبکہ مرحوم عبدالغنی لون کو 2002 ء میں اُس وقت نامعلوم بندوق برداروں نے قتل کیا تھا جب وہ میرواعظ کی 12 ویں برسی کے موقع پر عیدگاہ سری نگر میں منعقدہ اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد گھر لوٹ رہے تھے۔
جاری۔ یو این آئی۔
Comments are closed.