جموں میں بین الاقوامی سرحد پر شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری

جموں میں بین الاقوامی سرحد پر شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری

جموں ، 22 مئی : جموں وکشمیرمیں بین الاقوامی سرحد پر ہند و پاک افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ گذشتہ چند دنوں سے مسلسل جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران پاکستانی رینجرس کی طرف سے جموں اور سانبہ سیکٹروں میں 20 سے زائد سرحدی چوکیوں اور 30 دیہات کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم تازہ فائرنگ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا ’پاکستان کی طرف سے آر ایس پورہ، ارنیہ اور رام گڑھ سیکٹروں میں فائرنگ کا سلسلہ پیر کی شام دوبارہ شروع ہوا۔ آخری اطلاعات ملنے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا‘۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس کی طرف سے ارنیہ سیکٹر پر گذشتہ شام چند گھنٹوں کے وقفہ کے بعد شدید مارٹر شیلنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ’پاکستان کی طرف سے بعدازاں ملحقہ رام گڑھ اور آر ایس پورہ سیکٹروں کو بھی نشانہ بنایا گیا‘۔
بی ایس ایف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے قریب 20 سرحدی چوکیوں اور 30 سرحدی دیہات کو 120 ایم ایم مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف جوان سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا ’تازہ فائرنگ میں تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے‘۔
بتادیں کہ بین الاقوامی سرحد کے ارنیہ سیکٹر میں پیر کے روز ہند و پاک افواج کے مابین گولہ باری کا شدید تبادلہ ہواجس میں ریاستی پولیس کے ایک اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔
جاری۔ یو این آئی

Comments are closed.