آرم پورہ سوپور میں سی آر پی ایف اہلکاروں نے نو سالہ لڑکے کو ربر گولی کا نشانہ بنایا گیا
کمسن لڑکا اونچائی سے گرنے کے نتیجے میں زخمی ہوا۔ پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد
سرینگر20؍مئی؍ جے کے این ایس ؍ کل رات آرم پورہ سوپور میں سنگباری کے دوران پیرا ملٹری فورسز نے راست ٹیر گیس شلنگ اور ربر گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کمسن لڑکا شدید طورپر زخمی ہوا اور اُس کو نازک حالت میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق کل رات آٹھ بجے کے قریب آرم پورہ سوپور میں اُس وقت سنسنی او خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب نوجوانوں کی ایک ٹولی نے پیراملٹری فورسز پر پتھراو کیا ۔ تشدد پراُ تر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے بے تحاشہ ٹیر گیس شلنگ اور ربر گولیوں کا استعمال کیاجس دوران نو سالہ لڑکا جس کی شناخت رضوان احمد کابو ولد ریاض احمد ساکنہ آرم پورہ سوپور کے بطور ہوئی شدید طورپر زخمی ہوا اور اُس کو نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔ نمائندے کے مطابق کمسن لڑکے کو نزدیک سے ربر گولی کا نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ کمسن لڑکے کے سر کو شدید چوٹیں آئیں۔ سی آرپی ایف کے مطابق آرم پورہ سوپور میں نوجوانوں نے بغیر کسی اشتعال کے پیرا ملٹری فورسز پر دھاوا بول کر شدید پتھراو کیا ۔ جوابی کارروائی کے دوران اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ اور ٹیر گیس شلنگ کی جس کی وجہ سے ایک نوجوان زخمی ہوا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ دریں اثنا پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرم پورہ سوپور میں کمسن لڑکا گرنے کے نتیجے میں زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ نوجوان کے سر پر ربر گولی نہیں لگی ہے۔
Comments are closed.