پاکستان کا متنازع کشن گنگا ڈیم کیخلاف عالمی بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ /اعزاز چودھری
معاہدے کی حفاظت کیلئے عالمی بینک کے صدر سے بات کرینگے ،معاہدوں کی پاسداری نہ کرنا غلط بات ہوگی
سرینگر/ 20 مئی / پاکستان نے کشمیر کے خطہ لداخ میں متنازع کشن گنگا ڈیم میں پاور پروجیکٹ کی افتتاح پر اعتراض اٹھاتے ہوئے عالمی بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ عالمی بینک کے صدر سے سندھ طاس معاہدے،کشن گنگا اور رتلے سمیت دیگر بھارتی منصوبوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے متنازع ڈیم پر بھارت کو کئی تجاویز دی گئیں لیکن پڑوسی ملک نے یکطرفہ طور پر منصوبوں پر کام جاری رکھا جب کہ بھارت کو بتایا گیا تھا کہ ڈیم کا ڈیزائن تبدیل کردیں جس کے بعد سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ معاہدے کی حفاظت کے لیے عالمی بینک کے صدر سے بات کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ بھارت کی جانب سے معاہدوں کی پاسداری نہ کرنا غلط بات ہوگی۔پاکستان کے احتجاج کے باوجود بھارت نے کشن گنگا پاور پلانٹ کا افتتاح کردیایاد رہے کہ پاکستان کے شدید احتجاج اور اعتراضات کے باوجود بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز متنازع کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔ متنازع کشن گنگا ہائیڈرو پاور اسٹیشن پر کام کا آغاز 2009 میں ہوا تھا اور اس منصوبے سے 330 میگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکے گی۔پاکستان کا اس متنازع منصوبے کے حوالے سے مؤقف ہے کہ یہ منصوبہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے، عالمی بینک نے کشن گنگا منصوبے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان دو مرتبہ مذاکرات کرائے تاہم اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
Comments are closed.