مزاحمتی قائدین کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں ہو سکتی

مرکزی حکومت مستقل حل کی جانب گامزن ،NIA کی کارروائی پر کڑی نظر / ونکایا نائڈو
مزاحمتی قیادت کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت سے انکار کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر نے کہاکہ تباہی و بربادی پھیلانے والوں سے بات نہیں کی جا سکتی ہے ،ہم ریاست جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کی بنیاد رکھ رہے ہیں اور ایسے عناصر اسے گرا کر لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں ،مرکزی حکومت کشمیر کے مستقل حل کی جانب گامز ن ہے اور مسئلے کا حل ضرور نکل آئے گا ۔ اے پی آئی کے مطابق نئی دہلی میں منعقد کی گئی ایک تقریب پر تقریر کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر ونکایا نائڈو نے مزاحمتی قیادت کے ساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو نقصا ن پہنچا نے والوں ،پاکستان کے اشاروں پر کام کرنے والوں اور ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کو مصائب و مشکلات میں مبتلا کرنے والوں کے ساتھ بات چیت نہیں کی جا سکتی ہے ۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست میں بنیادی ڈھانچے کو تعمیر کررہی ہے اور مزاحمتی قیادت نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر تھما کر اس ڈھانچے کو تہو بالا کر رہی ہے اور ایسے عناصر سے بات چیت کیا معنیٰ رکھتی ہے ؟مرکزی وزیر نے کہا کہ پاکستا ن سے امن و امان کو درہم برہم کرنے کیلئے فنڈس حاصل کرنے والوں سے سوال کیا جا سکتا ہے کہ کیا وہ ریاست جموں و کشمیر کے معمار ہے ،مرکزی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بولی بولنے والوں اور امن و امان میں رخنہ ڈالنے والوں کے ساتھ بات چیت نہیں کی جا سکتی ہے ۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مرکزی حکومت کشمیر کے مستقل حل کی جانب گامزن ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایک ایسا حل ضرور نکل آئے گا جو ریاست کے تینوں صوبوں کے لوگوں کے لئے قابل قبول ہو گا ۔ این آئی اے کی کارروائی پر کڑی نظر رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ حقائق جلد سامنے آئیں گے ۔

Back to Conversion Tool

Comments are closed.