ماں جھڑپ کے دوران جاں بحق اورباپ تھانے میں بند

شیرخوارمریم کاروروکربراحال ،نانانانی کاوزیراعلیٰ سے سوال

سری نگر:۱۷،مئی:/ ماں جھڑپ کے دوران جاں بحق اورباپ تھانے میں مقیدہونے کے باعث شیرخواربچی مریم کاکوئی پُرسان حال نہیں ۔بزرگ نانانانی کومعصوم نواسی کی چیخیں برداشت نہیں ،اورانہوں نے وزیراعلیٰ سے مداخلت کی اپیل کی کہ شیرخواربچی کے والدکورہاکیاجائے۔کے این این کے مطابق یونسولنگیٹ ہندوارہ کے محمدشعبان کے گھرمیں ایک شیرخواربچی چاردنوں سے روتی چیختی نظرآتی ہے کیونکہ محض ایک سال مریم پیداہونے کے کچھ ماہ بعدشفقت مادراورشیرمادرسے محروم ہوگئی ۔11دسمبر2017کومسرہ بانودخترمحمدشعبان یہاں ہوئی ایک خونین جھڑپ کے دوران اپنی جان گنوابیٹھی جبکہ اس جھڑپ میں تین جنگجوبھی جاں بحق ہوگئے۔ماں کے جاں بحق ہوجانے کے بعدشیرخوارمریم کی دیکھ بال اسکاباپ اشفاق احمدوانی کیاکرتاتھالیکن سوموارسے یہ کمسن بچی اپنے باپ کوڈھونڈرہی جسکوپولیس تھانہ چوگل نے سوموارکوبلاکربندکردیا۔محمدشعبان اوراسکے اہلیہ کوشیرخوارنواسی کی چیخ وپکارسخت پریشان کررہی ہیں ۔وہ کہتے ہیں کہ ہم اس معصوم کوسنبھال نہیں پارہے ہیں کیونکہ یہ اپنے باپ کوڈھونڈرہی ہے ۔اُدھرپولیس کاکہناہے کہ اشفاق احمدوانی سنگباری کے واقعات میں ملوث رہاہے ۔پولیس کے متعلقہ افسرکہتے ہیں کہ پولیس تھانہ چوگل کی حدودمیں رونماہوئے سنگباری کے واقعات کی ویڈیوفوٹیج میں اشفاق وانی کوبھی دیکھاجاسکتاہے ۔تاہم محمدشعبان کااسکے برعکس کہناہے کہ اُنکا داماداشفاق کبھی سنگباری میں شامل نہیں رہا۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میں مظاہرے ہوئے اورسنگباری بھی ہوئی لیکن اشفاق احمدایسی کسی بھی سرگرمی میں شامل یاملوث نہیں رہاکیونکہ جب مظاہرے اورخشت باری ہوئی تب اشفاق یہاں موجودی نہیں تھا۔اپنی شیرخوارنواسی کی دردناک چیخ وپکارسے دلگیرمحمدشعبان اوریونسولنگیٹ کے دیگرلوگوں کی وزیراعلیٰ سے اپیل ہے کہ و ہ اس معاملے میں ذاتی مداخلت کرکے اشفاق کی رہائی کویقینی بنائیں تاکہ شیرخوارمریم کوتسلی مل سکے۔

Comments are closed.