فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے جمعہ کو احتجاج کیا جائے:مزاحمتی قیادت
سرینگر:؍؍ متحدہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کو پرامن مظاہروں کی اپیل کی ہے ۔اس سلسلے میں کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق متحدہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، ڈاکٹر میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے اسرائیلی صہونیت کی ننگی جارحیت کے نتیجے میں پچاس سے زائد نہتے فلسطینیوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کرنے کے علاوہ سینکڑوں لوگوں بشمول خواتین اور شیر خوار بچوں کو شدید طور زخمی کئے جانے کی ظالمانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام اس سانحۂ عظیم میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے دُکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ مزاحمتی قیادت نے اسرائیلی جارحیت کو انسانیت کے خلاف جنگ چھیڑنے سے تعبیر کرتے ہوئے اپنی مظلوم قوم کے غیور عوام سے دردمندانہ اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور مورخہ 18؍مئی بعد از نماز جمعہ تمام چھوٹے بڑے قصبہ جات میں پُروقار اور پُرامن مظاہروں کا اہتمام کریں۔ مزاحمتی قیادت نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر جیسے تنازعات کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ قواعد وضوابط کے تحت اسرائیل اور بھارت کی ننگی جارحیت پر روک لگاتے ہوئے ان خطوں میں عملائی جارہی نسل کُشی کا سدباب کرنے کے لیے اپنے سفارتی ذرایع کو بروئے کار لائے۔
Comments are closed.