شہرخاص اورگرمائی راجدھانی کے گردونواح میں بدترین ٹریفک جام
دورہ جامع مسجدکے بعدڈپٹی کمشنرسری نگربھی خواجہ بازارمیں درماندہ :ہزاروں لوگوں کومشکلات
سرینگر:۱۶،مئی :کے این این/ ’’شہرخاص اورگرمائی راجدھانی کے گردونواح میں بدترین ٹریفک جام ‘‘کے بیچ ڈپٹی کمشنرسری نگرکودورہ جامع مسجدکے بعدخواجہ بازارکے نزدیک درماندہ ہوناپڑا۔اس دوران پانتھ چوک اورپارمپورہ بائی پاس پرسینکڑوں نجی ومسافرگاڑیوں کے ٹریفک جام میں پھنس جانے کی وجہ سے ہزاروں لوگوں بشمول سرکاری ونجی ملازمین ،طلاب ،تاجروں اورمریضوں وتیمارداروں کوسخت مشکلات کاسامناکرناپڑا۔کشمیر نیوزنیٹ ورک کے مطابق شہرسری نگربالخصوص اندرون شہرمیں سڑکوں کی تنگدستی اورشہرکے گردونواح میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے نتیجے میں ٹریفک جام روزکامعمول بن چکاہے ۔بدھ کے روزشہرخاص میں جگہ جگہ ٹریفک جام کی صورتحال دیکھنے کوملی ،اوراس دوران جب ڈپٹی کمشنرسرینگرتاریخی جامع مسجدکے دورے پرپہنچے توواپسی پراُنکے قافلے میں شامل گاڑیاں بھی جام میں پھنس گئیں ۔سٹی رپورٹرنے بتایاکہ ڈی سی سری نگرجب جائزہ دورہ مکمل کرنے کے بعدواپس اپنے دفترکی جانب روانہ ہوئے توخواجہ بازارکے نزدیک ٹریفک جام کی یہ حالت تھی کہ تین قطاروں میں گاڑیاں پھنسی ہوئی تھیں ،اورڈپٹی کمشنرکی گاڑی بھی اسی جام میں پھنس گئی ۔اس دوران گاڑی کے ڈرائیوراورڈپٹی کمشنرکی سیکورٹی پرمعمورپولیس اہلکاروں نے ٹریفک جام سے نکلنے کی کوشش کی لیکن اتنی تعدادمیں گاڑیاں درماندہ پڑی تھیں کہ ڈی سی سری نگرکی گاڑی یہاں سے گزرنہیں سکی ۔اُدھربدھ کی صبح گرمائی راجدھانی سری نگرکوشمالی اورجنوبی کشمیرسے ملانے والی شاہراہوں پرجگہ جگہ بدترین قسم کاٹریفک جام دیکھنے کوملا۔جنوبی کشمیرکے چاروں اضلاع بشمول اسلام آباد،پلوامہ ،کولگام اورشوپیان سے صبح سرینگرروانہ ہوئے نجی وسرکاری ملازمین ،طالب علموں ،تاجروں ،بیماروں وتیمارداروں اوردیگرلوگوں نے بتایاکہ جب وہ بدھ کوصبح لگ بھگ ساڑھے 8بجے پانتھ چوک پہنچے تویہاں ایسابدترین ٹریفک جام ہوگیاکہ سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہوکررہ گئیں اوران میں سوارہزارو ں مسافرگاڑیوں میں قیدہوکررہ گئے ۔انہوں نے کہاکہ بدترین ٹریفک جام کے باوجودخاظرخواہ تعدادمیں پولیس یاٹریفک پولیس کی نفری یہاں نظرنہیں آئی ۔انہوں نے کہاکہ ڈرائیوروں اورمسافروں کوٹریفک جام سے نجات پانے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی طرح خدمات انجام دیناپڑیں ۔مسافروں اورڈرائیوروں نے بتایاکہ اُنھیں صبح شام روزانہ پانتھ چوک میں ٹریفک جام کی مارجھیلناپڑتی ہے کیونکہ یہاں ٹریفک نظم وضبط کیلئے معقول تعدادمیں ٹریفک پولیس کے دستے تعینات نہیں ۔اُدھرشمالی کشمیرکے تین اضلاع بشمول بارہمولہ ،کپوارہ اوربانڈی پورہ کے مختلف قصبہ جات سے سری نگرروانہ ہوئے سینکڑوں مسافروں کوبھی کئی مقامات پرٹریفک جام کاسامناکرناپڑا۔روزانہ سفرکرنے والے مسافروں نے بتایاکہ یہ توروزکامعمول ہے کیونکہ صبح شام اُنھیں پٹن اورپھرپارمپورہ بائی پاس کے علاوہ قمرواری چوک میں بدترین ٹریفک جام کی مارجھیلناپڑتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ بدھ کی صبح بھی یہی صورتحال تھی کیونکہ پارمپورہ کراسنگ کوعبورکرنے کے بعداُنھیں بتہ مالواوردیگرمقصودمقامات تک پہنچنے کیلئے جگہ جگہ ٹریفک جام سے ہوکرگزرناپڑا۔
Comments are closed.