وزیر اعظم مودی کا دورہ جموں وکشمیر، ریاست میں سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات
جموں ؍سری نگر ، 16 مئی : وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر ریاست میں سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
مسٹر مودی 19 مئی کو دو روزہ دورے پر جموں وکشمیر آئیں گے اور مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (سکاسٹ) جموں کے چھٹے جلسہ تقسیم اسناد سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کریں گے۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کو شبہ ہے کہ ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر میں بین الاقوامی سرحد کے راستے سے 13 اور 14 مئی کی درمیانی رات کو پانچ بھاری مسلح جنگجوؤں کا ایک گروپ سرحد کے اس پار داخل ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس کے پیش نظر صوبہ جموں میں سیکورٹی کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ ہم کوئی چانس نہیں لینا چاہتے ہیں‘۔
جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ایس ڈی سنگھ جموال نے کہا ’جب کسی انتہائی اہم ترین شخصیت کو اس ریاست کا دورہ کرنا ہوتا ہے تو پاکستان کی طرف سے تخریب کاری کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ وہ ایسے موقعوں کا استعمال کرکے انٹرنیشنل میڈیا کی خبروں میں آنا چاہتا ہے‘۔
انہوں نے کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر ہوئی دراندازی پر کہا ’ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ دراندازی ہوئی ہے ۔ ان ہی اطلاعات کی بناء پر علاقہ میں بڑے پیمانے کا تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ مختلف سیکورٹی ایجنسیاں قریبی تال میل کے ساتھ اپناکام انجام دے رہی ہیں‘۔
جاری۔ یو این آئی
Comments are closed.