لائین آف کنٹرول پر ایک بار پھر ہند پاک افواج پھر آمنے سامنے

سانبہ سیکٹر میں پاکستانی رینجرس کی فائرنگ سے بی ایس ایف ہیڈ کانسٹبل ہلاک ، کئی دھانچوں کا نقصان

سرینگر / 15مئی// جموں کے سانبہ سیکٹر میں لائین آف کنٹرول پرایک بار پھر پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر ان پر فائرنگ کی جس کا جواب بھارتی افواج کے اہلکاروں نے بھی دیا۔دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دوران شب پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک کانسٹبل ہلاک ہوگیا ہے جبکہ کئی عمارتوں کو نقصان بھی پہنچ گیا ہے ۔اسی دوران گزشتہ دنوں سے جاری فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جائے ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لائین آف کنٹرول پر جموں کے سانبہ سیکٹر میں پاکستانی افواج نے ایک بار پھر بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر ان پر فائرنگ کی ۔دفاعی ذرائع کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو پاکستانی رینجرس نے سرحد کی حفاظت پر تعینات بی ایس ایف کے اہلکاروں کی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور ان پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کے جواب میں بھارتی افواج کے اہلکاروں نے بھی مورچہ زن ہو کر پاکستانی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا ۔ذرائع کے مطابق طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک رہا ۔ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولی باری اور شلنگ کے نتیجے میں ایک بی ایس ایف اہلکا ر زخمی ہو گیا جس کو فوجی اسپتال علاج و معالجہ کیلئے منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔ مہلوک بی ایس ایف کانسٹیبل کی شناخت دیویندر سنگھ کے بطور ہوئی ۔ ادھر دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بی ایس ایف اہلکار کی ہلاکت کے ساتھ ہی جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر رواں برس ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 33 ہوگئی ہے۔ ان میں 17 سیکورٹی فورس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی طرف سے رواں برس کے دوران 700 سے زائد مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ۔ادھرپاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے آج ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی کی ۔ پاکستانی روزنامہ ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی دن بدن بڑھتی جارہی ہے، بھارتی فوج ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن سے ملحقہ شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔بھارتی فورسز نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے جب کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے جس کی وجہ سے اب تک کئی شہری ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

Comments are closed.