مودی حکومت نے عوام کے 19لاکھ کروڑ روپے لوٹ لئے:شرد یادو
نئی دہلی،13مئی: جنتا دل یونائٹیڈ کے سابق صدر اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس کے ذریعہ ملک کے عوام سے 19لاکھ کروڑ روپے لوٹ لئے ہیں اور ان کی حکومت ’تیل کی لوٹ‘ پر چل رہی ہے۔
مسٹر یادو نے یو این آئی اردو سروس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے اس وقت سے خام تیل کی قیمتوں میں آئی کمی کا فائدہ عوام کو دینے کے بجائے اپنی جھولی میں بھرنے میں لگی ہوئی ہے اور اس نے مختلف ٹیکسوں کے ذریعہ سے 19لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ اور ریاستی حکومتوں کو خاموش رکھنے کے لئے اس کا کچھ حصہ انہیں بھی دیا ہے۔انہوں نے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکسوں کے ذریعہ مرکزی حکومت 11.48 لاکھ کروڑ روپے اور ریاستو ں نے 8.13 لاکھ روپے کمائے ۔
گذشتہ چار برسوں کے دوران مودی حکومت کو ہر محاذ پر ناکام بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی اونچی قیمتوں نے ملک بھر میں زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔ ملک کے لوگ اور بالخصوص مڈل کلاس اور کسان اس سے انتہائی پریشان ہیں۔ دوسری طرف مسٹر مودی اور ان کی پارٹی ‘ بی جے پی ‘ کے لیڈران لوگوں کی پریشانیوں کودور کرنے کے اقدامات کرنے کے بجائے غیر ضروری ایشو اٹھاکر سماج کو تقسیم کرنے اور مذہبی بنیاد پر صف بندی کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
جاری ۔ یو این آئی
Comments are closed.