اوڑی میں لاپتہ ہوئی دوشیزہ کا منگیتر نے قتل کیا

پولیس نے قاتل کی گرفتاری عمل میں لاکر اُس کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا

سرینگر؍13؍مئی؍ ؍ اوڑی میں 10مئی کو لاپتہ ہوئی دوشیزہ کا سنسنی خیز طریقے سے اپنے ہی منگیتر نے قتل کیا ہے۔ پولیس نے قاتل کی گرفتاری عمل میں لا کر اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ جے کے این ایس کو پولیس ترجمان کی جانب سے موصولہ بیان کے مطابق لاپتہ ہوئی 24سالہ دوشیزہ رفعت بانو دختر بشیر احمد خان ساکنہ گوجر پتی سنگری کالونی بارہ مولہ کی نعش مہرااُوڑی سے برآمدکی گئی ۔ مقتولہ 10مئی 2018کو اچانک لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد والدین نے پولیس اسٹیشن بارہ مولہ میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اُن کی لڑکی کا اغوا کیا گیا ہے۔اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 79/2018زیر دفعہ 366,109آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔ دورانِ تحقیقات پولیس نے مقتولہ دوشیزہ کے منگیتر سجاد احمد بھٹی ولد سراج الدین ساکنہ مہرا اوڑی کی گرفتاری عمل میں لا ئی ۔پوچھ تاچھ کے دوران سجاد احمد نے اپنا جرم قبول کیااور اُس کی نشاندہی پر پولیس نے دوشیزہ کی نعش کو برآمد کیا ۔ لڑکی مبینہ طور پر اپنے منگیتر سے ملنے کیلئے گئی تھی ۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ نکاح خوانی کی رسم پہلے ہی انجام دی جا چکی تھی اور دو نوں خاندانوں کے مابین شادی کا دن بھی مقرر کرنا باقی تھا۔چنانچہ پوچھ گچھ کے دوران یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ملزم کا کسی اور لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر تعلقات تھے جس کی بنا پر اُس نے اپنی ہونے والی بیوی کا قتل کیا ۔اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد دوشیزہ کی نعش لواحقین کے حوالے کی گئی او اس سلسلے میں دفعہ 302کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

Comments are closed.