کٹھوعہ میں معصوم بچی کی ہلاکت اور عصمت ریزی میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے /مرکزی وزیر مملکت

کیس کو سی بی آئی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی کرائم برانچ کو کیس سونپ دیا ہے

سرینگر04؍مئی؍ ؍؍ کٹھوعہ میں معصوم بچی کی ہلاکت اور عصمت ریزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت نے کہاکہ ریاستی حکومت کی اجازت کے بعد ہی کیس کو سی بی آئی کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی کو اس کیس میں پھنسایا گیا ہے تو اُس کوبھی انصاف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ خبررساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیرا عظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ کٹھوعہ معاملے پر ریٹائرڈ جج ، صحافیوں کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جنہوں نے اس سلسلے میں چھان بین کی ہے اور چونکا دینے والے انکشافات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے کرائم برانچ کی تحقیقات پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹ بہت جلد مرکزی وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی۔ مرکزی وزیر مملکت نے واضح کردیا کہ اگر کسی نے معصوم بچی کا قتل کیا ہے تو اُس کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے تاہم اگر کسی بے گناہ کو اس کیس میں پھنسایا گیا ہے تو اُس کو انصاف فراہم کرنا ضروری ہے۔ کیس کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ جب تک نہ ریاستی حکومت اس سلسلے میں ہری جھنڈی دکھائی کیس کو سی بی آئی کے حوالے نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قواعد و ضوابط کے مطابق ریاستی حکومت کو اس سلسلے میں فیصلہ لینا ہوگا۔

Comments are closed.