پولیس اسٹیشن پلوامہ پر گرنیڈ حملے کے بعد جنگجوؤں نے کئی منٹوں تک فائرنگ کی
آس پاس علاقوں کومحاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع
سرینگر04؍مئی؍ یو پی آئی ؍؍ جنگجوؤں نے پولیس اسٹیشن پلوامہ پر گرنیڈ داغا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ گرنیڈ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان کئی منٹوں تک گولیوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مفرور جنگجوؤں کو تلاش کرنے کیلئے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق پلوامہ قصبہ میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر گرنیڈ داغا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تھانہ کے اندر افرا تفری پھیل گئی ۔ نمائندے کے مطابق گرنیڈ حملے کے بعد جنگجوؤں نے پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی اس دوران حفاظت پر مامور اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی اور قریباً پانچ منٹ تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد ملی ٹینٹ فرار ہو گئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔یو پی آئی نے اس ضمن میں جب پلوامہ پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ عسکریت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر گرنیڈ حملہ کیا تاہم کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
Comments are closed.