دربگام پلوامہ میں خونین معرکہ آرائی ،معروف اور انتہائی مطلوب حزب کمانڈر ساتھی سمیت جاں بحق
جھڑپ کے دوران پلوامہ ابل پڑا،ٹیر گیس شلنگ اور پلٹ و بلٹ فائرنگ ،نوجوان جاں بحق ،درجنوں زخمی ،کئی ایک نازک
سرینگر/30اپریل/ سی این آئی جنوبی ضلع پلوامہ کے دربگام علاقے میں جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان خونین تصادم آرائی میں معروف حزب کمانڈر اور پولیس و فورسز کا انتہائی مطلوب سمیر ٹائیگر اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ طرفین کے مابین گولی باری کے نتیجے میں فوجی میجر سمیت نصف درجن اہلکار زخمی ہوگئے ۔ اسی دوران دربگام علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کی خبر پھیلتے ہی ضلع پلوامہ سمیت وادی کے کئی علاقوں میں آنا فانا ہڑتال ہوئی جس دوران درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی اور مشتعل مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید پتھرائو اور ٹیر گیس شیلنگ نتیجے میں کئی پولیس اہلکاروں سمیت درجنوںافراد مضروب ہوئے جن میں سے آری ہل پلوامہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا جبکہ کئی ایک کی حالت اسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے ۔اسی دوران علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بند کی گئی جبکہ سرینگر بانہال ریل سروس پر بھی بریک لگ گی ۔ سی این ائی کو پلوامہ سے نمائندے نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ قصبہ کے درنگام علاقے میں علاقے میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فورسز اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے مذکورہ گاؤں میںسوموار کی اعلیٰ صبح وسیع تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جب سیکورٹی فورسز مذکورہ گاؤں میں ایک مخصوص کی جانب پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں ایک رہائشی مکان میں موجود جنگجوؤں کے ایک گروپ نے فورسز پر اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے اور فائرنگ کی۔ ذرائع نے بتایا فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا۔ ذرائع کے مطابق گولیوں کی گھن گرج سے پورا علاقہ لرز اٹھا جبکہ ابتدائی گولی باری کے نتیجے میں فوجی میجر سمیت تین اہلکاروں کو گولیاں لگی جس دوران وہ زخمی ہو گئے اور ان کو علاج و معالجہ کیلئے سرینگر کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس دوران فورسز نے رہائشی مکان کو بھی دھماکہ سے اُڑا دیا اور جھڑپ کے مقام سے دو جنگجوئوں کی نعشوں کو بر آمد کیا گیا جن کی شناخت اعلیٰ حزب کمانڈر سمیر احمد بٹ عرف ٹائیگر ولد محمد مقبول بٹ ساکنہ دربگام پلوامہ اور عاقب خان ولد مشتاق احمد خان ساکنہ راجپورہ کے بطور ہوئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں نوجوان سڑکوںپر نکل آئے او رپولیس و فورسز پر سنگ باری شروع کی ۔تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس و فورسز نے آنسو گیس کے گولے داغے ، پیلٹ گولیوں اور پیپر گیس کا بھی استعمال کیا تاہم صورتحال قابو سے باہر ہوگئی اور پولیس وفورسز نے سڑکوں پرنکل آنے والے نوجوانوں اور سنگ باری کرنے والوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں پولیس و فورسز کی جانب سے گولیاں چلانے کے دوران مبینہ طور پر درجنوں افراد شدید طور پر زخمی ہوئے جن میں سے18ساکی نوجوان شاہد اشرف ڈار ولد محمد اشرف ڈار ساکنہ آری ہل پلوامہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔اسی دوران نوجوان کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی درجنوں علاقوں میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور وادی کے بیشتر علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز ہوگئے اور پبلک و نجی ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہوگئی۔ مختلف کاموںکے سلسلے میں اپنے گھروں سے باہرنکلنے والے لوگ عجلت میں واپس اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ ضلع پلوامہ میں جھڑپیں شروع ہونے کے ساتھ ہی دکانداروں نے اپنی دکانوں کے شٹر نیچے گرادیے اور سڑکوں پر پبلک و نجی ٹرانسپورٹ کی آواجاہی معطل ہوکر رہ گئی۔
Comments are closed.