محبوبہ مفتی کی وزارتی کونسل میں بڑے پیمانے میں تبدیلیاں، 6 نئے چہرے شامل
جموں ، 30اپریل : جموں وکشمیر میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی وزارتی کونسل میں پیرکے روز بڑے پیمانے میں تبدیلیاں لائی گئیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے پانچ نئے چہروں کو وزارتی کونسل میں شامل کیا گیا جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی طرف سے ایک نئے چہرے کو شامل کیا گیا۔ پی ڈی پی کی طرف سے ایک سابق وزیر مملکت کی وزارتی کونسل میں واپسی کردی گئی۔ یہ تین سالہ قدیم پی ڈی پی ، بی جے پی مخلوط حکومت کی کابینہ میں اب تک سب سے بڑا پھیر بدل ہے۔ وزارتی کونسل میں شامل کئے جانے والے وزراء کو یہاں کنونشن سنٹر میں ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
حلف برداری کی تقریب میں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو ، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، پی ڈی پی وزراء اور بی جے پی لیڈران نے شرکت کی۔ بی جے پی کی طرف سے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، وزیر صحت وطبی تعلیم بالی بھگت اور وزیر مملکت پریا سیٹھی کی وزارت کونسل سے چھٹی کردی گئی جبکہ پی ڈی پی کی طرف سے قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان کو وزارتی کونسل سے باہر کیا گیا۔ بی جے پی کی طرف سے وزیر مملکت سنیل شرما کو کابینہ درجے کے وزیر کی حیثیت سے وزارتی کونسل میں شامل کیا گیا۔ بی جے پی کی طرف سے وزارت کونسل میں شامل کئے جانے والے پانچ نئے چہروں میں پارٹی ریاستی صدر و ممبر اسمبلی جموں ویسٹ ست شرما، اسمبلی سپیکر و ممبر اسمبلی گاندھی نگر کویندر گپتا، ممبر اسمبلی سانبہ دیویندر کمار منیال، ممبر اسمبلی کٹھوعہ راجیو جسروٹیہ اور ممبر اسمبلی ڈوڈہ شکتی راج پاریہار شامل ہیں۔ یہ سبھی پانچ بھاجپا وزراء گذشتہ اسمبلی انتخابات میں پہلی بار جیت حاصل کرکے اسمبلی میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
جاری. یو این آئی
Comments are closed.